سرینگر// ریاست بھر میںخلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کا عرس مبارک عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدتمندوںنے درودازکار اور نعت خوانی کی مجلس میں شرکت کی اور ہر نماز کے بعد موئے پاک آنحضورؐکے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ ایسی ہی پُر وقار تقریب آثار شریف شہری کلاش پورہ میں منعقد ہوئی جہاں نماز ظہر سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خلیفہ اول کے انمول اور لافانی اسلامی کارناموں اور اُن کی سیرت اور تعلیم پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکرصدیقؓ کی تعلیم رہتی دنیا تک عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ ایسی ہی تقاریب آثار شریف جناب صاحب صورہ، لعل بازار، پنجورہ شوپیان، مکہ ہامہ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، پٹن، بارہمولہ، اہم شریف بانڈی پورہ، ڈانگر پورہ نرورہ، خانقاہِ ترال میں بھی منعقد ہوئیںِجہاں تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔ زیارت مرزا اکمل الدین بدخشیؒ میں مولانا شوکت حسین کینگ و مولوی خورشید احمد قانونگو اورڈاکٹر قاری حافظ لطیف احمد نے مسجد شریف قدیم قاضی یار زینہ کدل میں خلیفہ اولؓکی سیرت بیان کی۔