اوڑی // سرحدی قصبہ اوڑی کے دھنی سیداں علاقے کے واحد سڑک رابطے پر کئی جگہوں پر پسیاں گر آنے اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی نے دس سال قبل دھنی سیداں کیلئے ایک سڑک تعمیر کی تھی جو کافی خستہ حال ہوچکی ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ آج تک اس واحد سڑک رابطے کی مرمت نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں دھنی سیداں کے علاوہ چھولاں ،دراں ناگا شاہ ،زمبور پٹن اوردارا گوٹلیاں کی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہے ۔ لوگوں کے مطابق سڑک پر بڑے بڑے کھڈ بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس اہم سڑک پرکئی مقامات پر پسیاں اور چٹانیںگر آتی ہیںجس کے نتیجے میں حادثوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ایک مقامی شہری خواجہ ریاض احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس واحد سڑک کی کبھی بھی مرمت نہیں کی گئی ہے اور لوگ سڑک پر چلنے سے کافی ڈر محسوس کرتے ہیں جس کی وجہ سے بیمار اور طلاب پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ لوگوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی دیواریں بھی تعمیرکی جائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے راحت مل سکے۔ اس سلسلے میں محکمہ آر اینڈ بی کے ایگزیکیٹو انجینئر اوڑی شاہ جان احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دراصل اس وقت محکمہ کے پاس رقومات دستیاب نہیں ہیں تاہم اس سڑک کی مرمت کیلئے سرکار کو جلد ہی تخمینہ دیا جائے گا۔