سرینگر//چیر مین پی ڈی ایف ایم ایل اے خانصاحب حکیم یاسین نے اُن عناصر کی زبردست مذمت کی ہے جو اپنے ذاتی حقیر مقاصد کیلئے مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی اہمیت کو زائل کرنے کیلئے آئے دنوں نت نئے بیانات دے رہے ہیں۔حکیم یاسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جو پچھلی کئی دہائیوں سے حل طلب ہے اور اسکی سیاسی حیثیت اور حقیقت کو اقوام عالم نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نا عاقبت اندیش سیاسی شخصیات اپنے حقیر مفادات کیلئے مسئلہ کشمیر کے تئیں حقیقت سے بعید بیانات دیکر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے خبر دار کیا کہ مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت اور شبیہ کوزائل کرنے کی موقعہ پرستانہ بیان بازی سے کشمیری لوگوں میںعلیحدگی پسندی کے رحجانات کو مذیدتقویت ملنے کا اندیشہ ہے جو قومی مفاد عامہ کے بالکل منافی ہے۔ پی ڈی پی کے ایک رہنما کے کشمیر مسلے کے بارے میں گذشتہ روز نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب پر دئے گئے بیان پر حکیم یاسین نے کہا کہ مسلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ماناگیا ہے جس کو باہمی طور گفت شنید اور افہام و تفہیم سے حل کیا جاتا چاہئے۔