آونیورہ اورحرمین شوپیان میں تلاشی کارروائیاں
محاصرے کے دوران تشدد بھڑک اٹھا
شاہد ٹاک
شوپیان//شوپیان کے مضافاتی آونیورہ اور حرمین کو پیر کی دوپہر فورسز نے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کاروائی عمل میں لائی۔فورسز نے دونوں علاقوں کو محاصرے میں لیااور تلاشی کاروائی شروع کر دی۔ تلاشی کاروائی کے دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور فورسز پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے۔جنگجوؤں کے ساتھ کوئی آمنا سامنا نہ ہونے کے بعد محاصرے کو ختم کیا گیا۔
جموں وکشمیر کے ساتھ تجارتی روابط کا بڑھاواد
فرانسیسی وفد نے بشارت بخاری کو دعوت دی
نئی دلی//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری کو بھارت کے دورے پر آئے فرانسیسی صدر ایمان المیکران کے ہمراہ ایک تاجر وفد نے دعوت دی ہے تاکہ باغبانی شعبے میں جموں وکشمیر کے ساتھ تجارتی روابط کو بڑھاوا دیا جاسکے۔وزیرکو وفد کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران جانکاری دی گئی کہ ابسوجر نظام ریاست میں میوئوں اور سبزیوں کو سائنسی طریقے پر ذخیرہ کرنے میں کافی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ یہ نظام پچھلے تین برسوں سے زیر عمل ہے ۔وزیرنے اس ٹیکنالوجی کی تفاصیل وفد سے طلب کیں۔ بشارت بخاری نے کمپنی کے زعمائوں سے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن انہیں بھیج دیں۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ ریاست جموں کشمیرمیں سالانہ پانچ ہزار میٹرک ٹن میوئوںکی پیداوار ہوتی ہے اور حکومت اس میوے کو جدید ٹیکنالوجی پر محفوظ کرنے کی طرف توجہ دے رہی ہے۔انہوںنے وفد کو جانکاری دی کہ اس وقت ریاست میں کئی ایک کولڈ سٹوریج پلانٹ موجود ہیں تاہم ایسے مزید یونٹوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔
صوبائی کمشنر کا دور ۂ بانڈی پورہ
وزیراعلیٰ کی ہدایات اور یقین دہانیوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا
عازم جان
بانڈی پورہ//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے متعلقہ ایجنسیوں کو زیر تکمیل ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے ضلع میں عوامی رسائی پروگرام کے دوران دی گئیں ہدایات اور یقین دہانیوں کی مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بن سکے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک جائزہ میٹنگ (گذشتہ دو مہینوں میںدوسری میٹنگ) کے موقعہ پر آفیسران سے خطاب کے دوران کیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ،مختلف محکموں کے سربراہاں اورچیف انجینئروں کے علاوہ سیکٹورل اورضلع آفیسران بھی موجود تھے ۔صوبائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کی 316یقین دہانی اورفیصلوں کی عمل آوری کاجائزہ لیا اور ان تمام کاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے آفیسران کو لازمی فنڈس کے بارے میں دو دن کے اندر اندر اُ ن کے دفتر کو تفصیلی رپورٹ دینے کی ہدایت دی ۔صوبائی کمشنر نے جے کے ای ڈی اے کی طرف سے جاری کام میں تاخیر پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا جسے وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت کُدرا گائو ں میں 500سولر لائیٹس نصب کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔صوبائی کمشنر نے جے کے ای ڈی اے کے متعلقہ آفیسر کو ایک ہفتے کے اندراندر سولر لائٹس سپلائی کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں دیگر ترقیاتی کاموں اورحصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر سجاد حسین نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں حصولیابیوں کو اجاگر کیا۔انہوںنے کہا کہ 316فیصلوں اور یقین دہانیوں میں سے83پرمکمل طور عملدر آمد ہوا ہے جب کہ 142فیصلوں پر عملدر آمد کیا جارہا ہے جو کہ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔میٹنگ کے دوران کئی دیگر اہم پروجیکٹوں کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایس ایس پی بانڈی پورہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور چیف پلاننگ آفیسر کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
ہلکے درجے کے تودے گرنے کی وارننگ جاری
جموں//ایس اے ایس ای کی طرف سے ملی جانکاری کی بناپر بارہمولہ ، گلمرگ ، پھرکیاں ۔زیڈ گلی اور کپواڑہ ۔ چوکی بل ۔ٹنگڈار ، پونچھ ، راجوری ، ریاسی ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، ادھمپور ، اننت ناگ ، کولگام ، بڈگام ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، کرگل ، لیہہ اضلاع ، بانڈی پورہ ۔ کنزلون ۔ گریز سیکٹر اور سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ہلکے تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تودے گرا ٓنے والے علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کو احتیاطی اقدامات عملانے کی صلاح دی ہے ۔
ماحولیاتی کمیٹی میٹنگ منعقد
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی ایک میٹنگ یہاں ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی کی صدارت میں منعقد ہوئی اور ریاست میں ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں چلائے جارہے مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ چننئی ۔ ناشری ٹنل میں ہوا کی آلودگی کے مسئلے کے بارے میں بھی غور و خوض کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ محمد یوسف بٹ ، چودھری محمد اکرم ، سید باقر رضوی ، اشفاق شیخ جبار ، بشیر احمد ڈار ، دلیپ سنگھ پریہار ، نیلم کمار لنگے ، راجیش گپتا اور انجم فاضلی نے میٹنگ میں شرکت کی ۔کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی جموں ایس پی منہاس ، ڈائریکٹر ماحولیات اوم پرکاش شرما اور این ایچ اے ۔Iکے سینئر افسران نے میٹنگ میں متعلقہ محکموں کی طرف سے ماحول کی آلودگی کو روکنے کے سلسلے میں اقدامات سے میٹنگ کو آگاہ کیا۔سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں سدھیر شاہ ،چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی کشمیر غلام جیلانی ، چیف انجینئر پروجیکٹ سمپرگ / بیکن کرنل راجیش کارل ، ایم ڈی جے کے پی سی سی انجینئر وقار ایم شونٹھو ، منیجر ( ٹی) این ایچ اے ۔Iسرینگر غلام قادر نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
بحالی امن کیلئے حریت سے مذاکرات ضروری:بھیم سنگھ
سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں امن بحالی کیلئے حریت کانفرنس کے نمائندوں سمیت ریاست کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں سے صلاح و مشورہ کریں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ ریاست میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ شہری ہلاک کئے جارہے ہیں، بینکوں اور پرائیویٹ املاک کو لوٹا جارہا ہے، اسکول اور تعلیمی ادارے پوری طرح تباہ حال ہیں اور ہر طرف افراتفری کاماحول ہے جو ریاستی انتظامیہ کے ہرسطح پر ناکام ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے ہندستان کے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے پانچ پانچ نمائندوں کی میٹنگ طلب کریں حالانکہ حریت کانفرنس تسلیم شدہ سیاسی جماعت نہیں ہے اس کے باوجود وہ اس کی بات بھی سنی جانی چاہئے جس سے ریاست میں امن بحالی میں اس کے تعاون کو یقینی بنایا جاسکے ۔پنتھرس سپریمو نے ریاستی اور قومی قیادت سے جموں وکشمیر کی موجود ہ حکومت کو برخاست کرکے گورنر راج لگانے کی اپیل کی جس کی جموں وکشمیر کے آئین میں گنجائش دی گئی ہے
دھرنے کے دوران تصادم آرائی
بھاجپا کے 5کارکنان شدید زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہر ہ میں ضلع درجہ کی مانگ پر کی جارہی ہڑتال کے 25ویں روز اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے اور بھاجپا سے تعلق رکھنے والے پانچ کارکنان زخمی ہوئے جب ان کے درمیان سٹیج پر تصادم آرائی ہوئی ۔دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کارکنان کے درمیان ہوئی لڑائی میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیا ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ کو ضلع کا درجہ دینے کی مانگ پر بیوپار منڈل نوشہرہ کی کال پر پچیس روز سے بازار بند ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل کر روزانہ احتجاج کرتے ہیں ۔پیر کے روز جب بھاجپا کے سابق نائب صد ر چھوٹو رام چوہدری نے تقریرکے دوران ممبراسمبلی رویندر رینہ کے خلاف بولنا شروع کیاتو ان کے پیچھے کھڑے اسی جماعت کے نریندر شرما نے چھوٹو رام سے مائیک چھین کر ان کو تھپڑ مارنا شروع کردیئے ۔ اس دوران لڑائی ہوگئی جس کے نتیجہ میں سابق سرپنچ بہادر ناتھ ، سکھ دیوچوہدری ، اوم پرکاش کو بھی چوٹیں آئیں اور زخمی ہونے والے پانچوں افراد کو ہسپتال پہنچایاگیا جہاںانہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیا۔ بعد میں یہ لڑائی بی جے پی و پی ڈی پی کے مابین تبدیل ہوگئی ۔
خوشحال ریاست کیلئے ہندو مسلم سکھ اتحادضروری:وکیل
سرینگر// جموںکشمیر بچاو¿ تحریک کی طرف سے گا ندھی نگر جموں میں ایک یوتھ ریلی منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت پارٹی کے سرپرست گرچین سنگھ چاڑ ک نے کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بچاو تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے نوجوانوں کو ان طاقتوں سے خبردار رہنے کی تلقین کی جوصر ف حصول اقتدار اور سیاسی مقاصد کے لئے عوام کومذہب ،ذات پات اور صوبوں کے نام پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیںاور ایک دوسرے کے ساتھ لڑوانے کی کوشش میں ہیں جو ہر لحاظ سے ملک اور ریاست کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا ”وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست میں ہندو مسلم سکھ اتحاد کو مضبوط بنایا جائے تب ہی ریاست خوشحال بن سکتی ہے اور دشمن کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب مل سکتا ہے“۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں خاندانی راج اور کورپشن کے خاتمے کے لئے صف آراءہوجائیںکیونکہ ان ہی دو چیزوں سے کشمیر مسئلہ لٹکتا رہا ہے اور عوام گونا گوں مصائب سے دوچار ہے۔ریلی سے پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق شاہ ،ضلع جموں کے یوتھ صدر ہمانشو شرما اور نائب صدر سنجے کمار نے بھی تقاریر کیں۔
ٹپروں اور ٹرکوں کی شبانہ آمدورفت
بڈگام میں لوگوں کی نیندیں حرام
سرینگر//پاٹواو بڈگام کی آبادی نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں ٹپر اور ٹرکوں کی آمدورفت نے جینا محال کردیا ہے۔علاقے کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات بھر آواجاہی جاری رہنے سے بستی کے لوگوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔وفد نے الزام عائد کیا کہ ضلع انتظامیہ بالخصوص ڈسٹرکٹ پولیس نے اس حساس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہے۔وفد کی سربراہی کررہے غلام حسین نے آئی جی ٹریفک،آئی جی کشمیر رینج اور ضلع انتظامیہ بڈگام سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
ایس کے آئی سی سی واقعہ
کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی:کے سی ایس ڈی ایس
سرینگر//کشمیر سینٹر فار سوشیل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹیڈیزنے ایس کے آئی سی سی میں کارڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے دئیے گئے بیان کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک مذاق ہے،جو کشمیری عوام کے آنسوﺅں اور لہو کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔بیان کے مطابق کے سی ایس ڈی ایس نے کہا کہ اس واقعے کے دو پہلو ہیں،وہ یہ کہ ایک وہ جو مقامی طور پر ہمہ وقت بیرون لوگوں کے اعانت کار بننے کیلئے تیار رہتے ہیںاور کشمیریوں کے رستے زخموں پر نمک پاشی کرکے یہاں کا بیانیہ ہی تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ لالی پاپ دیکر سادہ عوام کو اپنے شیشے میں اتارنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جن میں خواتین بھی شامل ہیں،سیکولرازم کا لبادہ اوڑھ کر امن کا درس تو دیتے ہیں،مگر اصل میں یہ لوگوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردار ہونے کیلئے کام کرتے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر درابو کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی اعانت کار یہاںبولی لگانا چاہتا ہے۔
پلوامہ میں روزگار میلے کا انعقاد
پلوامہ//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر پلوامہ میں قومی کیریئر پروجیکٹ کے تحت ایک روزہ خصوصی روزگار اورریکروٹمنٹ میلے کا انعقاد کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمد ڈار نے میلے کا افتتاح کیا۔افتتاحی رسم انجام دینے کے بعد ترقیاتی کمشنر نے مختلف نجی کمپنیوں اورلائین محکموں،بشمول فائنانس،ہیومن ریسورس،کنسٹرکشن کمپنی رامکے،باغبانی،اینمل ہسبنڈری ،ہینڈلوم اورپھولبانی وغیرہ کی طرف سے قائم کئے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے بیروزگار نوجوانوں کے لئے لائین محکموں کی روزگار سکیموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آگے آکر ان سکیموں سے استفادہ کرنا چاہیے۔انہوںنے متعلقہ آفیسران پر بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے وسائل کے لئے ہر ممکن تعاﺅن فراہم کرنے پر زوردیا۔میلے کے دوران بہت سارے نوجوانوں نے مختلف کمپنیوں اورمحکموں میں اپنے ناموں کا اندراج کردیا۔اس موقعہ پر جنرل منیجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر ،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ اور دیگر ضلع آفیسران بھی موجود تھے۔
قربانیوں کی حفاظت لازمی:لبریشن فرنٹ
سرینگر// لبریشن فر نٹ نے فیاض احمد ڈار اور معراج الدین عثمان کی برسی پر انہیںخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی عظیم نفوس کی قربانیوں سے مربوط ہے۔بیان کے مطابق ان نوجوانوں نے ایک عظیم مقصد کے حصول کےلئے قربانیاں دیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔فرنٹ نے کہا کہ فیاض احمد ڈار اور معراج الدین عثمان نےجرات و شجاعت ،ایثار و قربانی اور آزادی کی راہ میں اپنی جان کی بازی لگاکرتاریخ کشمیر میںاپنا نام سنہری الفاظ میںرقم کردیا ۔
اننت ناگ کے 25کسان جانکاری دورے پرہماچل پردیش روانہ
اننت ناگ//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ نے ضلع کے 25کسانوں کے ایک گروپ کو ہماچل پردیش کے سات روزہ جانکاری دورے پر ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔محکمہ باغبانی اننت ناگ نے آتما سکیم کے تحت دورے کا اہتمام کیا ۔دورے کے دوران کسان ہماچل پردیش میں جدید زرعی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔اس کے علاوہ وہ ہماچل پردیش میں زرعی سرگرمیوں کے طریقہ کار سے بھی استفادہ کریں گے۔اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ دورے کے انعقاد کا مقصد کسانوں کو جدید سائینسی اورتیکنیکی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔
سابق پارلیمنٹ ممبر کا اظہار تعزیت
سرینگر//سابق ممبر پارلیمنٹ عبدالرشید شاہین نے دھنی سیداں اوڑی جاکر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع کے والد حاجی محمد امین خواجہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیااور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور سوگواروں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
کپوارہ میں زمین کی قیمتوں کے بارے میں تفاصیل جمع
کپوارہ//ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی صدارت میںایک میٹنگ کے دوارن 2018-19 کے لئے سٹیمپ شرحوں کو حتمی شکل دینے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی ہندوارہ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو،تحصیلداروں اورمیونسپل کمیٹی ہندوارہ اورکپوارہ کے آفیسران کے علاوہ دیگرافسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ضلع سطح کی کمیٹی نے موجودہ زمین اور جائیداد کی قیمتوں کے بارے میں تفاصیل جمع کی ہیں اورقیمتوں کو حتمی شکل دینے کے لئے تفاصیل کو ڈویژنل سطح کی کمیٹی کو سونپا جارہا ہے تاکہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے حصول اراضی کے کام میںسرعت لائی جاسکے۔