سرینگر // کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر ٹنل کی تعمیر کے معاملے کو لیکر کرناہ میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ منگل کوسینکڑوں لوگ صبح ہی سڑکوں پر نکل آئے اور ٹنل کی تعمیر کا مطالبہ کرنے لگے ۔کرناہ کے عوامی نمائندوں کو وزیر دفاع کی جانب سے ملنے والی یقین دہانیوں کے باوجود بھی کرناہ میں عوام سڑکوں پر ہے اورمطالبہ کر رہے ہیں کہ فی الفور کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر ٹنل تعمیر کی جائے ۔کرناہ کوارڈی نیشن کمیٹی نے منگل کو کرناہ بند کا اعلان کیا تھا جس کے پیش نظر مختلف علاقوں سے لوگ سڑکوں پر آئے اور ٹنل کا مطالبہ کرنے لگے ۔اس بیچ علاقے میں تمام کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ اس خونین شاہراہ پر ترجیحی بنیادوں پرٹنل کو تعمیر کیا جائے۔اگرچہ ممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور اور ایم ایل سی جاوید احمد مرچال دلی میں کئی مرکزی وزراء کے ساتھ اس معاملے میں ملاقی ہوئے ہیں بلکہ انہیں وزیر دفاع نے یقین دہانی بھی کی ہے کہ ٹنل تعمیر ہوگی لیکن کرناہ کوارڈی نیشن کمیٹی کرناہ میں اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے اور پچھلے 2ماہ سے اس کمیٹی کے بینر تلے احتجاج جاری ہے ۔