سرینگر// سکمز میڈیکل کالج اور ہسپتال بمنہ کی طرف سے کل ’تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہی ‘کا دن منایا گیا جس دوران لوگوں کو تمباکو نوشی سے پرہیزکرنے کی تلقین کی گئی ۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب پر ڈائریکٹر سکمز پروفیسر عمر جاوید شاہ اور سکمز میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ریاض اونتو نے تمباکو نوشی سے اجتناب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے اوراندر سے انسان کو کھوکھلا بنا دیتی ہے۔انہوںنے کہا کہ تمباکو نوشی سے دل کے امراض اور پھیپڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں۔ لہذا اسکے عادی لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگیوں کے ساتھ نہ کھیلا کریںاور تمباکو نوشی کو ترک کریں ۔اس موقعہ پرایم بی بی ایس فسٹ ائرکے طلاب کی طرف سے ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں شامل طلباء نے بینر لہراتے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے نعرہ بازی کرتے ہوئے عوام الناس خصوصاً نوجوانوں کوتمباکو نوشی سے دور رہنے کی ترغیب دی۔