کپوارہ//پٹن سڑک حادثہ میں ہندوارہ کے دو نوجوانوں کے لقمہ اجل ہونے کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا ۔ اُن کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگو ں نے شرکت کر کے انہیں پر نم آنکھو ں سے سپرد لحد کیا ۔دونوں نوجوان بدھ کی شام پٹن علاقہ میں ایک دلدوز سڑک حادثہ کے دوران لقمہ اجل بن گئے تھے ۔ان کی نعشو ں کودوران شب آ بائی گائو ں پہنچایا گیا جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔برستی بارش کے باوجود ماور لنگیٹ میں عوامی اتحاد پارٹی کے بانی رکن عاشق حسین کی نماز جنازہ میں لوگوں کے جم غفیر نے شرکت کی اور انہیں پُر نم آنکھوں سے سپرد لحد کیا ۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے ا موقعہ پراپنی جذباتی تقریر میں عاشق حسین کی کشمیر یوں کے متعلق بالعموم اور لنگیٹ کے لوگوں کے متعلق بالخصوص ان کی وابستگی اور عقیدت کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ انجینئر رشید نے مرحوم کو اعلیٰ درجے کا سیاسی بصیرت رکھنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2008 میں سرکاری نوکری چھوڑ کر سیاسی میدان میں ان کے قدم رکھنے کے پیچھے مرحوم عاشق حسین کی ذاتی کاوشیں اور عمل دخل تھا ۔