ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں خستہ حال رابط سڑکوں کی مرمت نہ کرنے کے خلاف ٹرانسپورٹروں نے کئی دیہات کی سروس بطور احتجاج بند کردی ہے۔ ٹنگمرگ سومو یونین نے کئی دیہات کو ملانے والی رابطہ سڑکوں کی عرصہ دراز سے مرمت اور قابل استعمال نہ بنانے کے خلاف بطور احتجاج اپنی سروس بند کردی ہے جس کی وجہ سے اسکولی بچوں ، ملازمین اور عام مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے نتیجے میں زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔ٹنگمرگ سے کھئی پورہ، کریری ،ٹنگمرگ پٹن اور حاجی بل کی رابطہ سڑکوں کی حالت جگہ جگہ ناگفتہ بہ ہونے کی وجہ سے ناقابل استعمال بن گئی ہے ۔ سومو یونین ٹنگمرگ کے صدر نذیر احمد خان کا کہنا ہے کہ رابط سڑکوں کی خستہ حالت کا معاملہ کئی بار ایس ڈی ایم گلمرگ کی نوٹس میں لایا گیالیکن کوئی مرمت نہیں کی گئی۔اس دوران ایس ڈی ایم گلمرگ نے ٹرانسپورٹروں کو یقین دلایاہے کہ خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے گاجس کے بعددوپہر کو سروس بحال کی گئی۔(مشتاق الحسن)