کپواڑہ//دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کی یکساں فلاح و بہبود سرکار کا بنیادی مقصد ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار وآﺅرہ کپواڑہ میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی خوشحالی اور ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔عبدالحق نے کہا ہ انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدہی موجودہ سرکار کی ترجیحات میںشامل ہے اور بد عنوانی یا رشوت ستانی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔لوگوں کو ترقیاتی عمل کا حصہ بننے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ عام لوگوں کو حکومت کے تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری پر نگاہ رکھنی چاہیئے ۔تاکہ خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے ۔اس موقعہ پر کئی عوامی وفود نے اپنے مسائل سے وزیر کو آگاہی دی۔ وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کا ازالہ کرنے کی عہد بند ہے ۔ اُنہوں نے لوگوں کے جائز مطالبات پورا کرنے کا یقین دلایا۔