سرینگر //محکمہ اطلاعات کی جانب سے جمعرات کو سرینگر میں ’’ سوچھ بھارت ابھیان میں لوگوں کی شمولیت اور میڈیا کا رول‘‘ کے عنوان سے سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے سوچھ بھارت کی کامیابی کیلئے میڈیا کی ضرورت کو لازمی قرار دیا ۔ سمینار میں مقررین نے جموں و کشمیر میں سوچھ بھارت کی خامیوں کو دور کرنے اور نوجوان نسل کو سوچھ بھارت ابھیان کے ساتھ جوڑنے کو لازمی قرار دیا جبکہ میڈیا سے وابستہ افراد نے وادی میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی روشنی ڈلانی اور خامیوں کو اجاگر کیا ۔ تقریب میں مہمان خصوصی شعبہ صفائی اور پینے کے صاف پانی فراہم کرنے والے محکمہ کے ڈی جی اکھشے راوت، ڈی سی سرینگر سعید عابد رشید، میونسپل کمشنر سرینگر ریاض احمد وانی، مرکزی محکمہ اطلاعات و نشریات کی ڈپٹی ڈائریکٹر نیہا جلالی ، ڈی پی او بڈگام ،سینٹرل یونیوسٹی آف کشمیر کے شعبہ میڈیا سٹڈیز کے کارڈنیٹر ڈاکٹر عاصف خان ، ای ٹی وی اردو کے بیورو چیف منوج کول ، کشمیر امیجز کے مدیر اعلیٰ بشیر منظر اور دیگر صحافیوں کے علاوہ مختلف سکولوں سے آئے طلاب اور اساتذہ نے حصہ لیا۔ تقریب میں جنرل اکھشے راوت نے بتایا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان کے آغاز سے لوگوں کی سوچ میں ایک تبدیلی آئی ہے۔ اکھشے روات نے کہا ’’ سال 2014میں بھارت میں صفائی کی شرح 39فیصد تھی اور پچھلے ساڑھے تین سال میں یہ 81فیصد پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس باتمیں کوئی شک نہیں ہے کہ سوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنانے میں میڈیا کلیدی رول ادا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اگر دور دراز علاقوں میں میڈیا سے وابستہ افراد کی خصوصی تربیت دینی پڑے گی تو انہیں اس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کو کامیاب بنانے کیلئے میڈیا سے وابستہ افراد کو مثبت رول ادا کرنا پڑے گا۔‘‘ سعید عابد رشید نے کہا ’’ اس بات میں کوئی بھی شک نہیں ہے پچھلے تین دہائیوں میں جو کچھ بھی ہوا ہے اوراس میں میڈیا کا ایک کلیدی رول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں میڈیا بہترین طریقے سے اپنا رول ادا کررہا ہے اور اگر کہیں کوئی سرکاری افسر سست پڑتا ہے تو میڈیا سے وابستہ افراد ہمیشہ انہیں اپنے فرائض کی یاد دہی کراتا ہے۔ اس موقعے پر سرینگر منونسپل کارپوریشن کے کمشنر ریاض احمد وانی نے کہا کہ سرینگر مونسپلٹی شہر کو صاف رکھنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سوچھ بھارت ابھیان کے تحت صرف 35ٖفیصد رقومات ہی فراہم کرتی ہے جبکہ باقی رقومات ریاستی سرکار کو اداکرنے پڑتی ہے۔ تقریب میں نیہا جلالی اور کشمیر میں محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں منوج کول، بشیر منظر، گریٹر کشمیر کے مدثر یعقوب کے علاوہ دیگر صحافیوں اور افسران نے بھی خطاب کیا۔