سرینگر// سنیئر کابینہ رکن اورمال ، حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے حج ہاوس کا دورہ کر کے اس سال کے حج انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر کے ہمراہ ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ ، کمشنر ایس ایم سی ریاض احمد ، ایگزیکٹیو آفیسر ریاستی حج کمیٹی سید قمر سجاد اور کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔وزیر نے حج 2018کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ عازمین ہر طرح کی سہولیات دستیاب رکھیں۔انہوںنے پھولبانی محکمہ سے کہا کہ وہ حج ہاوس میں اراضی کا تزائن کا کام ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کریں۔ویری نے سرینگر مونسپل کارپوریشن کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ صفائی ستھرائی کے کام کو یقینی بنانے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگائیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ حج ہاوس میںتار کول بچھانے کا کام عنقریب ہی شروع کیا جائے گا۔ایگزیکٹیو آفیسر قمر سجاد نے وزیر کو حج 2018کی تیاریوں اور نئی حج پالیسی کے خد و خال کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر موصوف نے جے کے پی سی سی کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ عازمین کی سہولیت کے لئے ایک ماہ کے اندر اندر حج ہاوس میں ایک طبی مرکز تعمیر کریں۔وزیرنے سفر محمود سے جڑی تفاصیل بھی طلب کیں۔انہوںنے کہا کہ سفر محمود کو آسان بنانے کے لئے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جانے چاہے۔