نئی دہلی//کانگریس نے نریندر مودی حکومت پر انتقام کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس نے ملک کو متعدد نئے چیلنجوں سے دوچار کر دیا ہے جن کا جم کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔عمومی اجلاس میں پیش سیاسی قرارداد پر بحث میں شامل ہوتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک کے وجود کو چیلنج کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کا ماحول بگاڑا جا رہا ہے اور ناموافق حالات پیدا کر کے حکومت محافظ کی بجائے رہزن کا کام کر رہی ہے ۔ حق مانگنے پر کسانوں کو گولی مار دی جا رہی ہے اور نوجوانوں کو روزگار کے نام پر ٹھگا جا رہا ہے ۔پارٹی کے سینئر ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ حکومت کا کوئی وزیر غلط بولتا ہے تو ہمیں وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرنے کی بجائے متعلقہ وزیر پر حملہ کرنا چاہئے ۔ ہم جب مودی پر حملہ آور ہوتے ہیں تو ایسے میں غلط کرنے اور بولنے والا وزیر محفوظ ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوکر شاہ حکومت کے اشارہ پر کیوں چل رہے ہیں، یہ بات ان سے پوچھی جانی چاہئے ۔گجرات میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر پریش دھان¸ نے مودی کے گجرات ماڈل کو ایک دھوکہ بتایا اور کہا کہ اس نام سے ملک میں غلط تشہیر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ماڈل 'جھوٹ بولو اور گمراہ کرو' کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ مسٹر گھان¸ نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی ایک دن میں جب تک 10 بار جھوٹ نہیں بولتے انہیں نیند نہیں آتی۔کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے کہا کہ ملک اقتصادی چیلنجوں سے دوچار ہے ۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح ساڑھے سات فیصد تھی جس میں آج زبردست کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ عوام کے مفاد کی بات کی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوگوں سے صرف وعدے کئے ہیں۔ ان وعدوں کو پورا کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے ۔حکومت کسانوں اور بے روزگاروں کی فکر نہیں کررہی ہے ۔محترمہ دیپاداس نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم) کو بدل کر پرانے بیلٹ نظام کی بنیاد پر ووٹنگ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ای وی ایم سے انتخابی عمل پر ان کو پوری طرح شبہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ' ای وی ایم ہٹا¶ اور پرانا بیلٹ نظام لا¶' کانعرہ کانگریس کو بلند کرنا چاہئے ۔مہیلا کانگریس کی صدر سشمیتا دیو نے خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا اور کہا کہ اس سمت میں ضروری اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ سینئر لیڈر ششی تھرور نے پوچھا کہ انتخابات سے پہلے مسٹر مودی 56 انچ سینے کی بات کرتے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے جو بھی کام کیا اس سے یہی ثابت ہوا کہ ان کے سینہ میں دل نہیں ہے ۔یو این آئی