سرینگر //سابق وزیر خزانہ اور پی ڈی پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا ہے کہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاستی سرکار سنجیدہ ہے اورپورے نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے تاکہ خدمت عامہ کے کاموں کو احسن طریقے سے چلایا جاسکے۔ راجپورہ میں اپنے انتخابی حلقہ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے حسیب درابو نے کہا ’’ہم نے پچھلے تین سال میں سخت محنت کی کہ سرکار لوگوں تک پہنچے اور یہ عمل آئندہ تین سال بھی محبوبہ مفتی کی قیادت میں جاری رکھے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پورے ریاست میں بنیادی نظام میں تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئی ہیں خاصکر دوردراز علاقوں میں جہاں لوگوں کو اب خدمت عامہ کا حصہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سال میں ریاستی سرکار نے کئی اقدامات اٹھائے اور اب یہ اقدامات زمینی سطح پر نتائج بھی دینے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ خدمت عامہ میں کافی بہتری دیکھیں گے خاصکر ان طبقوں کیلئے جو کافی کمزور ہیں اور محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار آئندہ آنے والے سال میں مزید اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ سرکار کے حالیہ فیصلہ کی طرف زیادہ توجہ نہ دیں۔ حسیب درابو نے کہا ’’ میں تین سال وزیر رہا اور ریاست کیلئے کام کرتا رہا اور اب آئندہ تین سال میں اپنے حلقہ انتخاب کیلئے کام کروں گا جنہوں نے مجھے منتخب کرکے ریاستی سرکار میں ایک بہترین عہدہ دلایا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی شکل میں پارٹی کیلئے کام کرنے کیلئے تیارہیں اور پی ڈی پی صدر جو بھی کام انہیں دیں گی وہ ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’ میں مفتی صاحب کا قرض دار ہوں جنہوں نے ہاتھ سے پکڑ کر مجھے سیاست میں لایا اور بعد میں حکومت میں بھی لے آئے تاکہ ریاست میں سرکار کے کام میں بہتری آئے اور خدمت عامہ کو بہتر بنایا جائے۔ درابو نے کہا کہ سیاست میں چھ ماہ کے بعد ہی مجھے بطور وزیر خزانہ تعینات کیا گیا جو بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مفتی صاحب اور بعد میں محبوبہ مفتی نے مجھ پر کافی بھروسہ کیا اور میں نے اپنی قابلیت کے مطابق کام کیا ، لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مدد دی ، اور میں یہ مستقبل میں بھی کرتا رہوں گا۔ درابو نے کہا کہ مفتی صاحب نے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انکی زندگی میں تبدیلی لائیں گے اور وہ وعدہ پورا کرنے کیلئے انہوں نے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کا مقصد ریاستی اور ملکی سطح پر ملے منڈیٹ کو سنجیدگی سے لیکر سیاسی، اقتصادی ، ترقیاتی اور انتظامی سطح پر جموں و کشمیر کو درپیش مسائل سے ریاست میں امن و استحکام قائم کرکے لڑا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی بنیادی سیاست اور ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور محبوبہ مفتی کی قیادت والی ریاستی سرکار جموں و کشمیر میں کو دلدل سے نکالنے کی کوشش جاری رکھے گی۔