گاندربل //سینٹرل یونیوسٹی آف کشمیر نے سنیچر کو گاندربل منتقلی کیلئے وہاں چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر کیلئے بنائی گئی نئی بلڈنگ میں سامان منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر، ممبراسمبلی گاندربل اشفاق جبار، رجسٹرارپروفیسر محمد افضل زرگر، فائنانس آفیسر بشیر احمد حاجی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر گاندربل شاہنواز بخاری، ڈین سکولز اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ یونیورسٹی نے اپنا پانچواں کیمپس فیزیکل ایجوکیشن کالج منتقل کیا تھا جہاں ایم پی ایڈ کا پروگرام شروع کرنے کے علاوہ طلبہ کو دیگر ہنروں کی بھی تربیت دی جارہی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے کہا کہ سینٹرل یونیورسٹی کی منتقلی کا عمل شرو ع ہوگیا ہے اور تمام شعبہ جات منتقل کئے جائیںگے اورعمارت مکمل طور پر انکے حوالے کردی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے گاندربل میں عمارت کرایہ پر لینے کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کیلئے بنیادی سہولیات مثلاً ٹرانسپورٹ ،تدریسی عملہ اور دیگر عملہ فراہم کرنے کیلئے انتظام کریں۔ اس موقع پر ایم ایل ائے گاندربل اشفاق جبار نے یونیورسٹی حکام کا گاندربل میں خیر مقدم کیا اور ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ رجسٹرار محمد افضل زرگر نے کہا کہ یونیورسٹی وزارت ایم ایچ آر ڈی کی جانب سے یونیورسٹی کی تعمیر کا معائنہ کرنے کیلئے بنائے گئے پروجیکٹ مونیٹرینگ یونٹ کا انتظار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم یو کے افسران کے معائنہ کے بعد ہی یونیورسٹی کے کام پر مزید تیزی لائی جائے گی۔ اس موقعے پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش شنگلا نے یونیورسٹی حکام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر قسم کا تعاون دینے کا یقین دلایا ہے۔