ممبئی//مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس)کے چیف راج ٹھاکرے نے بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسوم اداکرنے پر مہاراشٹر حکومت کی مذمت کی ہے اور الزام عائد کیا کہ اربوں روپے کے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی ) گھوٹالہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے سری دیوی کی موت کے معاملہ کو زیادہ سے زیادہ میڈیا پر پیش کیا گیاجبکہ انہوں نے ملک بھر فرقہ وارانہ فسادات کا خدشہ بھی ظاہرکیا۔راج ٹھاکرے نے مزید کہا کہ نیرومودی کے پی این بی گھوٹالہ معاملہ ہر ایک کی زبان پر تھا اور اس درمیان سری دیوی کی موت کا معاملہ سامنے آگیااور ان جیسی اداکارہ کی موت جس انداز میں ہوئی اور محض اس لیے کہ وہ پدم شری تھیں ،انہیں ترنگے میں لپیٹ کرآخری رسومات اداکی گئیں۔انہوں نے گزشتہ شب پارٹی رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہاراشٹر اس کے لیے ذمہ دارہے ۔راج ٹھاکرے نے کہا کہ سری دیوی کی موت کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ زیادہ شراب پینے کی وجہ سے نشے میں دھت سری دیوی باتھ ٹب میں ڈوب گئیں اور ہم ان کی آخری رسم سرکاری اعزاز سے اداکرتے ہیں۔جبکہ اداکار اکشے کمار کی فلمیں 'ٹوئلٹ ایک پریم کتھا ' اور 'پیڈ مین'حکومت کی پالیسیوں کے پروپیگنڈے کے لیے بنائی گئی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایم این ایس سربراہ مودی مکت بھارت کا بھی نعرہ دے چکے ہیں اورف اس کے لیے انہوں نے کہا کہ ہمیں تیسری جنگ آزادی کی تیاری کرلینا چاہئے ۔یو این آئی۔