سرینگر //ایس آر او 525کے نام پر جموں کے ایک ڈاکٹر ایمت کمار کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی(ایجیک) نے ڈاکٹر کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔ریاستی ملازمین کا ایک مشترکہ اجلاس زیر صدارت جے سی سی سربراہ عبدالقیوم وانی کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر ریمارکس کیلئے جموں کے ایک ڈاکٹر ایمت کمار کے خلاف کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ عبدالقوم وانی نے کہا کہ ایجیک کسی کو بھی ایس آر او 525کی خلاف وزری کی اجازت نہیں دے گئی اور نہ ہی ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کے حملے کو برداشت کیا جائے گا ۔وانی نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل ہی ایس آر او 525پر اپنے شکوک وشبہات کا اظہار کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایس آر او بنیادی حقوق کے منافی ہے اور یہ ملازمین کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے ۔وانی نے مزید کہا ہے کہ سرکاری ملازمین بندھوا مزدور نہیں ہیں بلکہ انسان ہیں اور وہ آس پاس ہونے والی چیزوں سے بے خبر نہیں رہ سکتے ۔وانی نے حکومت کی جانب سے یکطرفہ کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس آر او 525نام پر ڈاکٹر ایمت کمار کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایجیک ہمیشہ ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ڈاکٹر امیت کمار کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔وانی نے ایس آر او 525کے تحت کی گئی کارروائی کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے امت کمار کے جلد بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ایس آر او سے حکومت اور ملازمین کے درمیان رشتوں میں تنائو آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ جونئرڈاکٹر کی ہڑتال حق بہ جانب ہے اور یہ بروقت انصاف پر مبنی قدم ہے ۔اجلاس میں ایجیک صدر نے وزیر اعلیٰ اور چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملازم مخالف اس ایس آر او کو جلد از جلد واپس لیں ،اجلاس میں قیوم وانی کے علاوہ دیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔