سرینگر// ماہانہ مشاہرے میں اضافہ اور پنشن کے مطالبے پر گزشتہ2ماہ سے برسر احتجاج آنگن واڑی ورکروں اور ہلپروں کی سبکدوشی کی معیاد کو ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔ آنگن واڑی ورکر اور ہلپر گزشتہ عرصہ ہائے سے احتجاج کر رہی تھیںاور سرکار سے ماہانہ مشاہرے میں اضافے کے علاوہ سبکدوشی کی معیاد کو ختم کرنے اور پنشن کی واگزاری کی مانگ کررہی تھیں۔ منگل کو آنگن واڑی ورکر اور ہلپر نعیمہ رسول اور حسینہ صوفی کی سربراہی میں پریس کالونی میں نمودار ہوئیں اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ انکی محنت آخر کار رنگ لائی اور سرکار نے معیاد سبکدوشی کا مطالبہ تسلیم کیا۔انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی ورکرس اور ہلپرس کے سبکدوشی کے معیاد کیلئے جاری کردہ حکمنامہ بھی ترمیم عمل میں لاتے ہوئے اب اسکو ختم ہی کر دیا اور اس ضمن میں ایک حکم نامہ جاری کر دیا۔ میڈیا کے سامنے حکم نامہ کو پیش کرتے ہوئے نعیمہ رسول نے بتایا کہ گزشتہ2ماہ سے جموں میں اس کیلئے جد وجہد میں مصروف تھیں اور آخر کار ان کی یہ مانگ بھی پوری کر لی گئی۔ تنخواہوں میں اضافہ کو لیکر انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار نے ان کے فائل کو محکمہ خزانہ میں روانہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ رواں ماہ کے آخر تک ان کی یہ مانگ بھی پوری ہو جائیگی۔ انہوں نے ریاستی وزیر برائے سماج و بہور سجاد غنی لون اور ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ صرف تنخواہوں میں اضافہ کے بغیر ان کے تمام مسائل کو حل کیا گیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اور ایک مانگ پوری ہونے کے ساتھ ہی انکے تمام مطالبات کو جلد ہی ہری جھنڈی ملے گی۔