جموں// ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میرنے کل ایک میٹنگ کے د وران مختلف محکموں کی طرف سے عملائے جارہے کئی ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا۔اس دوران وزیر کو بتایا گیا کہ آر اینڈ بی ، جے کے پی سی سی اور ایس ایم سی کی طرف سے کئی ترقیاتی کام شد و مد سے جاری ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے ایس ایم سی سے کہا کہ وہ نوگام سے مہجور نگر تک براستہ پادشاہی باغ ڈرنیج تعمیرکرنے کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کریں۔انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی اداروں اور فائر سٹیشنوں سے متعلق ڈی پی آر عالمی بینک کے رہنماخطوط مطابق تیار کریں۔وزیر نے کاموں کی بروقت تکمیل کویقینی بنانے اور اہداف کی حصولیابیوں کو مختلف محکموں کے مابین باہمی اشتراک پر زور دیا۔ اس موقعہ پرجانکاری دی گئی کہ سال 2014ء میں تباہ کن سیلاب سے پلوں کو ہوئے نقصانات کی بھرپائی کرنے کے لئے تعمیراتی کام شروع کئے جاچکے ہیں تاکہ لوگوں کو دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 6پلوں کی تعمیر کاکام عنقریب مکمل کیا جائے گا۔اُنہیں بتایا گیا کہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔مختلف سڑکوں کو بڑھاوا دینے کے کام کاجائزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ کشمیر صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہ شدہ سڑکوں کو جلد ٹھیک کیا جائے گا۔وزیر نے اس موقعہ پر مختلف ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے کاموں کا بھی جائز ہ لیا ۔کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔