سرینگر//وادی میں شجرکاری مہم کے تحت اہم عوامی مقامات بشمول سکولوں اور سرکاری دفاتر میں پیڑ پودے لگائے جارہے ہیں اورلوگوں اورطلبہ وطالبات کو ماحول کو سرسبز اورشاداب بنانے کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے۔پلوامہ ڈویژن میں محکمہ جنگلات نے ایف ایف آئی پتلی باغ جو کہ ایک یتیم خانہ ہے، کے احاطہ میں شجرکاری مہم کے تحت پیڑ پودے لگائے۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ توحید احمد دیوا آئی ایف او ایس ریجنل ڈائریکٹر سوشل فارسٹری کشمیر نے مہمان ذی وقار کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں اے ڈی سی ،چیف پلاننگ آفیسر اور جنرل منیجر ڈی آئی سی پلوامہ کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ شجرکاری مہم کا مقصد ضلع کو سرسبز اورشاداب بنانے کے علاو ہ ماحولیات کو صاف وستھرا رکھنا ہے۔انہوںنے کہا کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بعدمیں ترقیاتی کمشنر نے پتلی باغ میں لڑکوں کے یتیم خانہ کا دورہ کیا اور یہاں کے کام کاج کاجائزہ لیا۔اُدھر کپوارہ میں محکمہ سوشل فارسٹری نے ضلع کو سرسبز اور شاداب بنانے کے لئے شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔مہم کا افتتاح چیف پلاننگ آفیسر کپوارہ امتیاز احمد نے کیا۔اس موقعہ پر رینج آفیسر سوشل فارسٹری کپوارہ اور سوشل ویلفیئر آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں مختلف عوامی جگہوں پر شجرکاری مہم کے تحت مفت پیڑ پودے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ادھر ڈسڑکٹ پولیس لائنز سوپور میںڈی ایف او نے شجر کاری مہم کا آغازکیا۔پولیس نے ڈسڑکٹ پولیس لائنز سوپور میں شجر کاری مہم کا آغازکیا ۔اس موقعے پر فارسٹ کنسرویٹر شمال کشمیر عرفان رسول وانی ، ایس ایس پی سوپور ہرمیت سنگھ ،ڈی ایس پی ڈی ائے آر غلام محی ٰ لدین ،ڈی ایس پی پی سی سوپور وکرم سنگھ ،اسٹنٹ کمانڈنٹ سی آر پی ایف177 بٹالین منیش کمار ،اسٹنٹ کمانڈنٹ ایس ایس بی 13بٹالین شکتی سنگھ ،ڈی ایف او لنگیٹ محمد ایوب و دیگر افسران موجود تھے ،شجر کارہ مہم کے دوران ڈی پی ایل میں 500پودے (دیودار)لگائے گئے ۔