اسلام آباد//پاکستان نے نئی دلّی کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنگ کا ماحول پیداکرنا بند کردے اور کسی بھی قسم کی غلطی سے باز رہے۔پاکستان کے دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی ’’بے وقوفانہ عمل‘‘ کا مثبت جواب دیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سنیچروار کو نئی دلّی میں ایک ٹیلی ویژن کانفرنس کے دوران راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمیں ملک کے دفاع کی ضرورت پڑی تو ہم نہ صرف بھارت کو اندرونی طور پر محفوظ کرسکتے ہیں بلکہ سرحد بھی پارکرسکتے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ’ٹویٹر‘ پر اپنے ایک ٹویٹ میں بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جارحانہ رویہ ختم کرے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹویٹ کیا ہے ’’بھارت مسلسل جارحانہ رویہ ختم کرکے جنگ کا ماحول پیدا کرنا بند کردے‘‘۔ٹویٹ میں کہا گیا ہے ’’پاکستان اپنے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی بے وقوفانہ عمل کابھرپور جواب دیا جائے گا ‘‘۔پاکستانی میڈیا کے مطابق اگر چہ دفترخارجہ کی طرف سے بیان جاری کرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیںہوسکی ہے تاہم یہ بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے حالیہ بیان پراسلام آباد کا ردعمل ہوسکتا ہے۔