کولگام //کیموہ کولگام کا 20سالہ نوجوان 15روز بعد سکمز صورہ میں اپنی زندگ کی جنگ ہار گیا۔اسے نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک گائوں سے اغوا کرنے کے بعد اسکا شدید ٹارچر کیا تھا اور اسے نیم مردہ حالات میں سر راہ چھوڑ دیا تھا۔کیموہ کولگام کا اُمیس رشید بٹ ولد عبدالرشید بٹ کی لاش جمعرات کی صبح 8 بجے اس کے گھر پہنچائی گئی جس کی تدفین بعد میں مقامی قبرستان میں انجام دی گئی ۔اُمیس رشید کو 8مارچ کو نا معلوم اسلحہ برداروں نے نزدیکی گائوں بھان سے اغوا کیا تھا جس کو بعد میں تشدد کرکے کولگام کے وئیس بٹہ پورہ علاقے میں سرشام بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ دیا گیا۔اسے شدید ٹارچر کیا گیا تھا اور نازک حالت میں علاج معالجہ کیلئے پہلے ضلع اسپتال کولگام اور بعد میںصورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ جمعرات علی الصبح زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔کولگام پولیس نے اس واقعہ کی مناسبت سے نزدیکی پولیس تھانہ میں ایف آئی آرزیرنمبر4/2018زیردفعہ363آرپی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ۔پولیس نے بتایاکہ 20سالہ نوجوان اُمیس رشیدکونامعلوم افرادنے موت کی نیندسلادینے کی نیت سے اغواکیاتھا،اوراسکے بعداس نوجوان کوشدیداذیتوں کاشکاربنایاگیا،اوراسی تشددکے نتیجے میں اُسکی موت واقعہ ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے معصوم نوجوان کی المناک موت پرسخت صدمہ ظاہرکرتے ہوئے اسکوشدیدٹارچرکانشانہ بنانے والے افرادکوبے نقاب کرنے کامطالبہ کیا۔