سری نگر//’’حقوق انسانی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات‘‘کیلئے جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے طلاب کی ٹیمیں اگلے ماہ واردکشمیرہونگی ۔معلوم ہواہے کہ طلباء اور طالبات کی تین الگ الگ ٹیمیں یہاں تشددکی شکارخواتین ،پیلٹ متاثرین اوردیگرایسے واقعات کی تحقیق کاکام انجام دیں گی ۔مقامی حقوق انسانی کارکن اورانٹرنیشنل فورم فارجسٹس ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتونے بتایاکہ انہوں نے نئی دہلی میں واقع تاریخی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ جاکریہاں زیرتعلیم وتحقیق طلباء اور طالبات کیساتھ کشمیرمیں رونماہوئیں اورہورہی حقوق البشرپامالیوں اورخلاف ورزیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔محمداحسن اونتوکے بقول انہوں نے طلاب کوبتایاکہ کشمیرایک سیاسی نوعیت کامسئلہ ہے ،اوراسبارے میں فریقین کی رائے اورمواقف ایکدوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں لیکن جہاں تک انسانی حقوق کاسوال ،اسبارے میں کوئی اختلاف رائے نہیں ہوناچاہئے ۔انہوںنے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلاب کوبتایاکہ کشمیری گزشتہ28برسوں سے ہرطرح کے مظالم ،زیادتیوں اورناانصافیوں کاسامناکرناپڑرہاہے جبکہ اس دوران وادی کے اطراف واکناف میں سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں اورپامالیوں کے واقعات بھی پیش آئے لیکن افسوس کہ کسی ایک بھی ایسے واقعے میں ملوث کسی سیکورٹی افسریااہلکارکوقانون کے کتہرے میں کھڑانہیں کیاگیا۔ انہوں نے طلاب کوبتایاکہ اگرشوپیان ہلاکتوں کے سلسلے میں ایک فوجی میجرکیخلاف کیس درج کئے جانے پرہنگامہ بپاکیاجاتاہے تواُن شہریوں بشمول خواتین ،لڑکیوں اورکمسن بچوں کے حق میں کوئی آوازبلندکیوں نہیں کی جاتی ہے جن کوجرم بے گناہی کی پاداش میں مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے موت کی نیندسلادیا۔انہوں نے طلباء اور طالبات کوبتایاکہ انسانی حقوق کاایک ہی پیمانہ ہوناچاہئے اوراس معاملے میں تفریق کرنامتاثرین کیساتھ سراسرزیادتی ہے ۔محمداحسن اونتونے بتایاکہ کشمیرکی صورتحال اوریہاں رونماہورہی پامالیوں اورخلاف ورزیوں کے بارے میں سرسری جانکاری لینے کے بعدجامعہ ملیہ اسلامیہ کے مختلف شعبوں میں زیرتعلیم وتحقیق طلباء اور طالبات نے بتایاکہ وہ تین الگ الگ ٹیمیں بناکراگلے ماہ کشمیرکادورہ کرکے وہاں گزشتہ برسوں میں ہوئی پامالیوں اورخلاف ورزیوں کے بارے میں جگہ جگہ جاکرسروے کریں گی ،اوراس ساری تحقیق کوایک رپورٹ کی شکل دی جائیگی ۔محمداحسن اونتونے بتایاکہ طلاب اورمحققین کی ٹیموں کوکشمیرآنے پرانٹرنیشنل فورم فارجسٹس ہیومن رائٹس ہرطرح کاتعاون فراہم کرے گا۔