اسلام آباد//پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے۔یوم پاکستان کی فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی صدر ممنون حسین نے کہا کہ ایک پڑوسی ملک کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہے۔ممنون حسین نے کہا ’’ بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ خالصتاً مقامی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا‘‘۔صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس روز فیصلہ ہوا تھا کہ غاصبانہ طاقتوں کو شکست دے کر اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے، ہم اس خواب کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور جنگ و جدل نے خطے کا استحکام متاثر کیا جس کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ مشرق میں ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر جارحیت کر کے بیگناہ شہریوں کے جان و مال کا نقصان کیا جارہا ہے، اس ملک نے اپنے اس غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل سے خطے کا امن دائو پر لگا دیا ہے، لہٰذابھارت اشتعال انگیزی سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل اوسی کی خلاف ورزی کی جارہی ہے لیکن ہماری امن دوست پالیسی کوکمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنا ہوگا۔انہوںنے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے سے ہے اور پاکستان اس مقصد کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی کے مخالفین کو پھر خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں جب کہ کسی ملک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی ضد امن تباہ کر سکتی ہے۔