سرینگر//صحت وطبی تعلیم اور مکانات وشہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ موجودہ سرکار شہر سرینگر کی تیز ترترقی کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر عملدر آمد کیا جارہا ہے۔وزیر موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار کل پرائیوٹ نیوز چینل کو انٹرویو دینے کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ 15881کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت والے میٹروٹین پروجیکٹ اور 2900کروڑ روپے کے سمارٹ سٹی پروجیکٹ شہر سرینگر کے لئے انتہائی اہم اورغیر معمولی پروجیکٹ ہیں۔آسیہ نقاش نے کہا کہ سرکار نے جامع مسجد احاطے کو جاذب نظر بنانے کے لئے مخصوص 4.29کروڑ روپے میں سے اب تک 3.93کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سولنہ فیکٹری،سلک فیکٹری اور بمنہ وولن ملز کی بحالی کو منظوری حاصل ہوگئی ہے۔وزیر موصوفہ نے انٹرویو کے دوران دیگر اہم حصولیابیوں اورمنصوبوں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔حضرت بل حلقے میں تعمیر وترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوفہ نے کہا کہ دہائیوں کے بعد بٹہ پورہ حضرت بل میں 60کنال اراضی پر ایک نیازنانہ کالج قائم کیاجارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حضرت بل زیارت گاہ کو مزید جاذب نظر بنانے کی پروجیکٹ پر 42کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس سے زیارت گاہ کی خوبصورتی میں کافی اضافہ ہوگا۔انہوںنے کہا کہ سرکار شہر کے لوگوںکی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔