سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی ،سالویشن مومنٹ اورحریت (جے کے) نے ڈورو اننت ناگ میں جاں بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فریڈم پارٹی نے آئے دنوں جنگجوئوںکی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمارے نوجوان تحریک آزادی کی راہ میں عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں جن کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘۔جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ ظلم کا نتیجہ مزاحمت اور بغاوت ہوتا ہے۔نئی دلی جتنا یہاں کی صورتحال کو بزور طاقت دبانے کی کوشش کرے گی اُتنا ہی کشمیری عوام خاص کر نوجوان اُس کے خلاف رد عمل کا اظہار کر کے بغاوت پر آمادہ ہونگے۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ ان نوجوانوں کے مقدس خون کی حفاظت کرنا ہم پر اولین فرض ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ منزل مقصود تک پرامن سیاسی جدوجہد جاری و ساری رہے گی‘ ۔اس دوران سالویشن مومنٹ سے وابستہ امتیاز احمد،فاروق احمد اورزبیر احمدپر مشتمل ایک وفدنے آصف نثار ملک کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور بعد میں ان کے گھر ویری ناگ جا کر اہل خانہ سے تعزیت پرسی کی۔حریت کانفرس (جے کے ) کے کنوینرشبیر احمد ڈارنے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل و غارت کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ظلم وجبر کے ہتھکنڈوں سے اپنے حق آزادی کے حصول سے دستبردار نہیں ہونگے ۔