سرینگر //اتوار کو مہاراشٹرا پونا میں منعقد ہونے والے 2018 سائیکلنگ ریس مقابلے میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سائیکلسٹ محمد اکبر خان نے تاریخی اور سب سے مشکل سائیکلنگ ایونٹ کے مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ ریس مقابلے کا اہتمام مہاراشٹرا سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور کریدہ جگروتی نے کیا تھا ۔مقابلے کے دوران اکبر خان نے 160کلو میٹر کے فاصلے کو مکمل کیا اور اس میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ اکبر خان وادی کے نجی نورا ہسپتال کی طرف سے مقابلے میں حصہ لے رہے تھے جبکہ بھارت کی دیگرریاستوں کے کل 200سائیکلسٹوں نے ریس میں حصہ لیا تھا جن میں کچھ معروف سائیکلسٹ بھی شامل تھے ۔اکبر خان کے علاوہ کشمیر کے 2 مزید کھلاڑی جن میں منصوراحمد اور پرویز شامل ہیں ،نے بھی اس سائیکل ریس میں حصہ لیا۔ منصور نے اگرچہ یہ ریس مکمل کر لی تاہم پرویز یہ ریس مکمل کرنے میں ناکام رہا ۔اکبر خان کو کھوپالی مرحلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کیلئے 7500کے نقد انعام سے نوازا گیا ۔ سکریٹری جموں وکشمیر سپورٹ کونسل وحید الرحمان پر ہ ، نیشنل کانفرنس کے ترجمان جنید عظیم متو ، منیجنگ ڈائریکٹر نورا ہسپتال سرینگر منظور احمد وگے اور پی ڈی پی یوتھ ونگ کے سیکریٹری عارف لائیگرو نے اکبر خان کی جیت پر انہیں مبارکباد دی ہے ۔