ڈورو//ڈورو شاہ آباد کی اوقاف کمیٹی،ٹریڈ یونین ،بار ایسو سی ایشن،دانشوروں اور معزز شہریوں نے شاہ آباد کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلے میں شاہ آباد میں ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شاہ آباد تحصیل کا قیام60کی دہائی میں ہوا ہے تاہم 58سال گذر جانے کے بعد بھی اس کا درجہ ضلع تک نہیں بڑھایا گیا ۔اُنہوں نے کہا کہ تحصیل ڈورو کے بعد مزید کئی تحاصیل کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن ڈورو کا درجہ نہیں بڑھایا گیاجو شاہ آباد کے عوام کے ساتھ نا انصافی ہے ۔مقررین نے کہا کہ اگر چہ یہ معاملہ کئی بار سابق حکومتوں کی نوٹس میں لایا گیا لیکن یقین دہانیوں کے سوا کچھ بھی ہاتھ نہیں آیا۔انہوں نے موجودہ سرکار سے مخاطب ہوکر کہا کہ اس سرکار سے انہیںکافی اُمیدیں وابستہ ہیںکیونکہ مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہاں کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے ،لہٰذا وزیر اعلیٰ اپنے والدکے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں ۔اجلاس میں سماجی کارکن ایڈوکیٹ شیر علی بودہ کی سربراہی میں ایک فورم تشکیل دیا گیا جو عنقریب ہی پروگرام تشکیل دے گا۔