سرینگر// ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، نیشنل فرنت اور دختران ملت نے آری زال بڈگام میں مارے گئے عسکریت پسند شفاعت حسین وانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آری زال میں گذشتہ روز فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران واگورہ بارہمولہ کا رہنے والا عسکریت پسند شفاعت حسین وانی جاں بحق ہوگیا جبکہ فورسز کے ہاتھوں زخمی ہوئی جواں سال خاتون کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی۔ پارٹی نے شہدائے پتھری بل وغیرہ کو بھی اُن کی برسی پر یاد کیا۔ فریڈم پارٹی نے بیان میں کہا کہ ہمارے نوجوان تحریک آزادی کی راہ میں عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں جن کی حفاظت کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ادھرنیشنل فرنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے سرفروش عسکریت پسند دنیا کی ایک طاقتور فوج کو للکارتے ہوئے محض مزاحمت کی مشعل کو جلائے رکھنے کیلئے اپنے گرم گرم لہو کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیاکہ اب یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ شہداء کی ان لامثال قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے کسی بھی حال اور کسی بھی صورت میں بھارتی قبضہ کے آلہ کار نہ بنیں۔اس دوران دختران ملت کی صدر آسیہ اندرابی نے ڈورو، اسلام آباد اور آری زال بڈگام میں مارے گئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔ شفاعت حسین وانی اور اس سے قبل جیش محمد کے دو عسکریت پسند جن میں سے ایک حافظ قرآن تھا کو انہوں نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ جس طرح سے لوگوں نے ان جنازوں میں شرکت کی اور اسلام اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے وہ ثابت کرتا ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔یہ بھارت کیلئے چشم کشا ہونا چاہئے۔ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھنا چاہئے۔