ڈوڈہ//جموں کشمیر کے وزیرزراعت غلام نبی لون ہنجورہ نے ڈوڈہ خطہ میں جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنان سے خطاب کوتے ہوئے کہا کہ اُن کی جماعت نے مرحوم رہنما مفتی محمد سعید کی قیادت میں ڈوڈہ خطہ (چناب ویلی) کی مجموعی تعمیر و ترقی کے لئے خاص منصوبہ اور نقش راہ مرتب کیا ہے جس پر موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں عمل درآمد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ بے پناہ صلاحتوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔پیش کئے گئے مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اِس پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ اس سے قبل صدر ضلع شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ میں زراعت محکمہ کو وسعت دیتے ہوئے دوڈہ میں جائنٹ ڈائریکٹر ایگریککلچر اِدارہ قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی آبادی 90 فیصدی دیہات میں رہتی ہے جو زراعت کے پیشہ سے وابستہ ہیں اور یہاں مشروم ، کرم کشی،شہد، راجماش، اخروٹ، زیتون، چاول، زعفران کے لئے بہتر آب و ہوا ہے اور حکومت کو اس پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ موسم کے لحاظ سے پوری ریاست میں منفرد مقام رکھتاہے جہاں نہ زیادہ سردی اور نہ ہی زیادہ گرمی ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں کھجور، کیلا، سیب، سنگترہ، گہیوں، مکیّ، آخروٹ، بادام، انگور یعنی ہر طرح کی فصل اُگتی ہے ۔ مرزا مظفر حسین بیگ نے وزیر زراعت غلام نبی لون ہنجورہ کا دوڈہ دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے وزراء مسلسل دوڈہ آکر ہمارے بارے میں اپنی فکر مندی کا احساس کرتے ہیں ۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے پروگرام کو گھر گھر تک پہنچائیں۔اس موقع پر سنجے کمار، سلام دین، حاشم دین، محمد قاسم، محمد رفیق، لال حسین وغیرہ نے بھی پی ڈی پی میں شمولیت احتیار کی۔جنہوں نے اس موقع پر خطاب کیا اُن میں زونل جرنل سکرٹری غلام محمد نائک ،زونل پریذیڈنٹ ریاض حسین منٹووغیرہ شامل تھے۔