ریاسی//جنگلات ، صحت عامہ، آبپاشی ، فلڈ کنٹرول ، پشو و بھیڑ پالن ،ماہی پروری اور امداد باہمی کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے پشو پالن سمیت تمام فائدہ بخش سیکٹروں میں جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ کسان طبقے کی سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتر ی لائی جاسکے کیونکہ ان سیکٹروں سے دیہی آبادی کے ایک بڑے حصے کو روزگار حاصل ہوتا ہے ۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہارآج تلوارا ریاسی میں دنبہ اور ہرن شو کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس کا اہتمام بھیڑ پالن محکمہ نے این ایل ایم کے تحت کیا تھا۔وزیر نے کہا کہ موجودہ سرکار نے بھیڑ پالن جیسے شعبے کو ترجیحات میں شامل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھیڑ پالن کو بڑھاوا دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں کا انعقاد ریاست کے باقی علاقوں میں بھی منعقد کئے جانے چاہئیے تاکہ کسان مستفید ہوسکیں۔وزیر نے کہا کہ بھیڑوں کو مختلف بیماریوں کو بچانے کے لئے ماہرین کو فیلڈ کا دورہ کرنا چاہیئے ۔اس موقعہ پر محکمہ بھیڑ پالن کے جموں کے سربراہ ڈاکٹر سنجیو کمار نے محکمہ کی سرگرمیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔وزیر نے کئی ترقی پسند کاشتکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔