سرینگر// محکمہ خوراک،شہری رسدات وامور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ محکمے نے رواں مالی سال کے دوران صوبہ کشمیر میں 2.50لاکھ کوئنٹل چاول کی بچت کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔وزیر موصوف نے یہ جانکاری آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران دی جس میں صوبے میں اشیائے خوردنی اورپٹرولیم مصنوعات کی سٹاک پوزیشن کاجائزہ لیا گیا۔ذوالفقار نے کہا کہ صارفین میں اشیائے خوردنی کی مکمل تقسیم کے بعد محکمے کشمیر صوبے میں رواں مالی سال کے دوران 2,51,381 کوئنٹل چاول کی بچت کی ہے اور اس طرح محکمے کے لئے 1,50,61,55,500 روپے کی بچت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ بچت جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرنے اور اختراعی نوعیت کے اقدامات کا ثمر ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ مختلف سیل سینٹروں اورفیرپرائس دکانوں میںلگ بھگ 3000پی اوایس مشینیں نصب کی گئی ہیں اوران مشینوں کے ذریعے 2.75لاکھ سے زیادہ لین دین ہوا ۔وزیر نے کہا کہ 3000سے زیادہ ڈیجٹل وزن مشینوں کو نصب کرکے پرانی وزن مشینوں کو بدل دیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرنے کا مقصد محکمے کے کام کاج ہی شفافت لانا ہے۔کشمیر صوبے میں موجودہ سٹاک پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ محکمے کو اگلے دو مہینوں کے دوران اشیائے خوردنی منگوانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ وادی میں پٹرولیم مصنوعات اوررسوئی گیس اوروڈیزل کا موجودہ سٹاک بھی ایک ماہ کے لئے کافی ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کہیں کہیںکوئی خامی بھی ہو تاہم ملازمین کے فرائض کی انجام دہی قابل تحسین ہے جس سے صارفین کی شکایات کا لگ بھگ خاتمہ ہوگیا ہے۔میٹنگ میںمحکمے کے ناظم نثار احمد،جوائنٹ کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ڈیپارٹمنٹ امرسنگھ اورڈپٹی ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔