حضرت میر سیدتاج الدین ہمدانی ؒ کا عرس
شہام پورہ نوہٹہ اور خانیار میں مجالس آراستہ
سرینگر// وادی بھر میں جمعرات کوسفیر شاہ حضرت ہمدان ؒ، حضرت میر سیدتاج الدین ہمدانی ؒ کا سالانہ عرس مبارک منایاگیا۔ اس سلسلہ میں وادی بھر میں سیرتی تقاریب کا انعقاد ہوا۔ سب سے بڑی مجلس حضرت سید تاج الدین ہمدانی کے درگاہ واقع شہام پورہ نوہٹہ بعد نماز ظہر منعقد ہوئی ۔ اس سلسلہ میں اوراد و اذکار کے علاوہ تبلیغی مجالس میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے حضرت تاج الدین ؒ کی گراں قدر دعوت اسلام اور حضرت شاہ ہمدانؒ کے ساتھ شانہ بشانہ دینی خدمات انجام دہی کے گوشوں پر روشنی ڈالی۔ ایسے ہی اور تقریب زیارت غوثیہ خانیار شریف میں قبل از نماز ظہر ہوئی جس میں صدر انجمن نے انہی خیالات کا اظہار کیا۔ آج 12 رجب المرجب کو ولادتِ حضرت علی ؓ و حضرت شاہ ہمدانؒ کے سلسلہ میں مزید تقاریب کا انعقاد ہورہا ہے۔ سب سے بڑی تقریب خانقاہ معلی سرینگر میں ہوگی جہاں حسب عادت تقریبات کے علاوہ بعد معمولات سیرتی تقریب ہوگی جس میں مولانا قانونگو ان شخصیات عظیم کی سیرت پر روشنی ڈالینگے۔
اردو کونسل کی طرف سے ڈاکٹر اصغر سامون کی اعزاز پوشی
سرینگر//جموں کشمیر اردو کونسل نے سرینگر میں ایک تقریب کے دوران محکمہ اعلی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ایک شال اور مومنٹو پیش کیا۔یہ اعزاز انہیں اردو زبان کو فروغ دینے اور سرکاری سطح پر اردو کونسل تشکیل دینے کے صلے میں دیا گیا۔ کونسل کے صدر جان محمد آزاد، نائب صدر اعجاز احمد ککرو نے انہیں یہ اعزاز پیش کیا۔کونسل کے نائب صدر دوم پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب میں کونسل کے جو ممبران موجود تھے ان میں جاوید ماٹجی، جاوید کرمانی ، صوفی علی محمد اور نذیر ابن شہباز موجود تھے