سرینگر// عالی کدل اور پارمپورہ میں آگ کی 2تباہ کن وارداتوںمیں 15رہائشی مکانات ۱ور5دکانات خاکسترہوگئے جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی املاک،ایک ماروتی وین اورگھریلو وکاروباری سامان تباہ ہوکررہ گیاجبکہ درجنوں کنبے کھلے آسمان کے نیچے آگئے ۔ شہرخاص کے عالی کدل علاقہ میں کل صبح ساڑھے11بجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمودارہوئی جوتیزی کیساتھ پھیل گئی اوربھڑکتے شعلوں نے نزدیکی مکانات کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں نے آگ پرقابوپانے کی کوشش شروع کردی جبکہ اس دوران فائرسروسزاسٹیشن کوبھی مطلع کیاگیا۔مقامی نوجوانوں کے اشتراک سے فائرسروسزعملہ نے آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لائی لیکن تب تک کئی مکان شعلوں کی لپیٹ میں آچکے تھے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گنجان آبادی اورشانہ بشانہ مکانات والے علاقہ عالی کدل میں یہ آگ اندرون بستی میں لگی تھی اورتنگ گلی کوچوں سے آگ بجھانے کیلئے درکارپایپوں کووہاں پہنچانے میں فائرسروسزاہلکاروں اوردوسرے لوگوں کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑا اورکافی محنت ومشقت کے بعدشعلوں پرقابوپالیاگیا۔ آگ کی اس بھیانک واردات کے نتیجے میں11 رہائشی مکانات اوران میں موجودساراگھریلوسامان مکمل طورپرراکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیااوریہ پوری بستی کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ۔فائراینڈایمرجنسی سروسزکے ایک افسرنے بتایاکہ آگ پرقابوپانے کی کوششوں کے دوران 4فائر سروسز اہلکار اورنصف درجن عام شہری زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایاکہ بیشترمکانات میں چونکہ عمارتی لکڑی کازیادہ استعمال کیاگیاتھا،اسلئے آگ تیزی کیساتھ پھیل گئی ۔انہوں نے کہا کہ ہولناک آگ پرقابوپانے کیلئے بیک وقت20فائرسروسزگاڑیوں اوردرجنوں اہلکاروں کوکام پرلگادیاگیاجبکہ پانی کی سپلائی کوبرقراررکھنے کیلئے 6پمپ چالورکھے گئے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آگ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔ آگ کی اس واردات کی مناسبت سے نزدیکی تھانے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ۔اُدھر شہرکے پارمپورہ علاقہ میں جمعرات کوآگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران نصف درجن سے زیادہ مکانات اورکئی دکانات کوبھاری نقصان پہنچاجبکہ ایک ماروقی وین تباہ ہوگئی ۔معلوم ہواکہ آگ کی تباہ کن واردات کے دوران یہاں5رہائشی مکانات اور7دکانات خاکسترہوگئے جبکہ ان میں موجودلاکھوں روپے مالیت کاگھریلواورکاروباری سامان مکمل طورپرراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے پولیس نے کیس درج کیا ہے ۔
متاثرین کے ساتھ ساگر کا اظہارِ یکجہتی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے آتشزدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ آتشزدگان کی بازآبادری کیلئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ ساگر نے ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کیساتھ رابطہ کیا اور انہیں تاکید کی کہ وہ متاثرین کے عارضی قیام و طعام کا بندوبست کریں نیز آتشزدگان کے حق میں مفت راشن کیساتھ مفت عمارتی لکڑی اور ٹین کی چادریںاور امداد فراہم کریں۔ انہوں نے ریڈ کراس سوسائٹی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اس کے علاوہ ساگر نے متاثرین کو یقین دہانی کئی کہ وہ اپنے سی ڈی ایف سے بھی امداد فراہم کریں گے۔