سرینگر//جموںوکشمیر کے ایک بڑے محسن، مصلح اور داعی دین اور انجمن نصرۃ الاسلام کے بانی میرواعظ علامہ رسول شاہؒ کے 109 ویںیوم وصال کی مناسبت سے مرحوم کی ہمہ جہت خدمات بالخصوص تعلیمی میدان میں انکی نمایاں کارکردگی کوخراج عقیدت ادا کرنے کیلئے انجمن کے زیر اہتمام اسلامیہ اورینٹل کالج میںقرآن خوانی کی ایک بابرکت اور نورانی مجلس آراستہ کی گئی جبکہ انجمن کے تحت چلنے والے مختلف تعلیمی اداروں اسلامیہ سکول بوٹہ کدل،اسلامیہ سکول صفاکدل،نصرۃ الاسلام ٹرسٹ اسلام آباد، اسلامیہ ہائی اسکول بجبہاڑہ، اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں خصوصی تقریبات کے دوران ان اداروںکے اساتذہ ،عملہ اور طلباء نے حصہ لیکر مرحو م میرواعظ کو انکی ہمہ جہت تعلیمی اور اصلاحی خدمات کیلئے شانداراور بھر پور الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ۔اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول کی تقریب میں انجمن کے جنرل سیکریٹری محمد ابراہیم شاہ، پرنسپل ڈاکٹر جی ایم خان، اسلامیہ اورینٹل کالج کے پرنسپل اور دیگر موقر اساتذہ اور طلباء نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم میرواعظ اور انکے مخلص رفقاء نے بروقت یہ قدم نہ اٹھایا ہوتا تو آج معلوم نہیں مجموعی طور پر قوم کا کیا حال ہوتا اور تعلیم و ترقی کے میدان میں وہ کس درجہ پچھڑے ہوتے ۔مقررین نے کہا کہ آج سے تقریباً سوا سو سال پہلے انجمن کے قیام اور اسکے توسط سے اہالیان کشمیر کی تعلیمی بیداری کے مہم کو آغاز کرنے کے حوالے سے میرواعظ مرحوم کے کارنامے انتہائی اہم اور سنہرے حروف سے لکھے جانے کے لائق قدم ہے۔مقررین نے واضح کیا کہ ماضی کی طرح آج بھی انجمن قوم کے غریب اور پسماندہ طبقہ کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے انہیں اپنے حقوق سے روشناس کرانے میں مصروف عمل ہے ۔اس دوران مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقعہ پرعلامہ رسول شاہ صاحبؒ کی تعلیمی اور اصلاحی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا گیا اور مرحوم میرواعظ اور آپ کے مخلص رفقاء کے درجات کی بلندی کیلئے ایصال ثواب کیاگیا اور فاتحہ پڑھی گئی ۔