سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے وادی کے اطرف او کناف میں فورسز کی تلاشی کاروائیوں، بڑھتی انسانی حقوق کی پامالیوں،عام لوگوں کو ہراساں کرنے اور نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت متنازع خطے کے اندر رہنے والے لوگوں کوایک خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے کشمیر کے اندر بھارت کو مظالم روکنے پر آمادہ کرے جہاں نوجوانوں کی پکڑھ دھکڑ کا سلسلہ وسیع کیا گیا ہے اور تلاشی کارروائیوں کے نام پر خواتین یہاں تک کہ بزرگوں کی بھی تذلیل کی جاتی ہے اور ہر اُس شہری کو مظالم کا شکار بنایا جاتا ہے جو حقوق کی خاطر اپنی آواز بلند کرنے کی ہمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی رہنما شبیر احمد شاہ جیسے قائدین کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے سے ہماری سیاسی آواز کو عملاً دبایا جارہا ہے۔حالانکہ شبیر شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں کیخلاف من گھڑت اور بے بنیاد کیس عائد کئے گئے ہیں لیکن عدالتیں بھی اُنہیں بروقت انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت نے ایک طرف یہاں کے عام لوگوں کو اور دوسری طرف اُن کی سیاسی قیادت کو خاموش کرنے کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس پر سختی کے ساتھ عمل ہورہا ہے۔