گاندربل // سمبل سوناواری کے شاہ گنڈ اور نائد کھے علاقوں میں کل شام دیر گئے اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب تلاشی کارروائی کے دوران فوج اور مشتعل نوجوانوں کے مابین شدید جھڑپوں کے دوران 11نوجوان پیلٹ اور شلنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ایک مکان کے اندر شل پھٹنے سے آگ لگ گئی ۔شاہ گنڈ میں اس وقت نوجوانوں اور فوج کے مابین جھڑپ ہوئی جب فوج نے بستی کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی ۔اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور نعرہ بازی کی جس دوران نوجوانوں نے پتھرائو کیا ۔فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شلنگ کی جس کے نتیجے میں 6نوجوان زخمی ہوئے ۔اس دوران ایک شل غلام رسول ڈار ولد عبدالرحمان کے مکان کے چھت پر گر گیا جس کے نتیجے میں مکان کو آگ لگ گئی ۔تلاشی کارروائی کیلئے نائد کھے سے شاہ گنڈ آرہی فوجی پارٹی پر نائد کھے چوک میں پتھرائو ہوا جس دوران فوج نے مشتعل نوجوانوں پر پیلٹ چلائے جس کے نتیجے میں 5افراد پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا ۔علاقے میں رات دیر گئے حالات پرتنائو تھے ۔ادھرملک عبدالسلام کے مطابق صبح کے 4بجے سیکورٹی فورسز نے مظفر احمد ملک ولد محمد یوسف ملک ساکن محلہ عیدگاہ کو چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ اس کے گھر والوں کو زبردست تشویش پیدا ہوئی ہے۔