سرینگر//جنوبی کشمیر میں اتوار کو سب سے بڑی معرکہ آرائی کا ذکر کرتے ہوئے ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بندوق کا راستہ ترک کرنے پر آمادہ کریں،جبکہ فوج کے چنار کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ائے کے بھٹ نے دعویٰ کیا کہ جاں بحق جنگجوئوں میں وہ عساکر بھی شامل ہیں،جو فوج کے لیفٹنٹ عمر فیاض کی ہلاکت میں ملوث تھے۔جنوبی کشمیر میں ایک ہی دن3 الگ الگ مقامات پر فوج اور جنگجوئوںکے درمیان خونین جھڑپوں کے بیچ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید اور فوج کے15 ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ائے کے بھٹ نے اونتی پورہ میں وکٹر فورس کے ہیڈ کوارٹر پر مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شوپیاں میں فوجی آپریشن کو کامیاب قرار دیا۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید نے کہا کہ شوپیاں کے درگڈ سوگن زینہ پورہ علاقے میں ہلاک شدہ تمام جنگجو مقامی تھے،جن میں6کا تعلق حزب المجاہدین جبکہ ایک جنگجو لشکر طیبہ سے تعلق رکھتا تھا۔انہوں نے2 شہریوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی۔پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی پی ڈاکٹرشیش پال ویدنے نوجوانوں کی ہلاکت ہوجانے پر صدمہ ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ میں والدین سے پھراپیل کرتاہوں کہ وہ بندوق تھامے اپنے بچوںکویہ خطرناک راستہ چھوڑنے پرتیارکریں ۔ڈی جی پی کاکہناتھا’’ نوجوانوں کایوں جاں بحق ہوناانتہائی تکلیف دہ ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ میں والدین سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے بچوں کوتشددکاراستہ ترک کرنے پرآمادہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کوواپس گھرلوٹنے پرراضی کریں ۔ فوج کی15ویں کورکے سربراہ لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے بیک وقت گیارہ جنگجونوجوانوں کی ہلاکت کوجملہ سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے خاص دن سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ شوپیان میںہلاک ہوئے جنگجوئوں میں وہ ملی ٹنٹ بھی شامل ہیں جولیفٹنٹ عمرفیاض کی ہلاکت میں ملوث تھے ۔انہوں نے کہاکہ آج کادن سبھی سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے خاص رہاکیونکہ فوج ،فورسزاورپولیس اہلکاروں نے جنگجوئوں کیخلاف کامیاب ترین کارروائیاں انجام دیں ۔ لیفٹنٹ جنرل نے کہا’’جملہ سیکورٹی فورسزکیلئے آج کادن خاص ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ ہم نے مشترکہ کارروائیاں عمل میں لاکرابتک8جنگجوئوں کوموت کی نیندسلادیاجبکہ کچھ ڈورہ میں ابھی جنگجومخالف آپریشن جاری ہے۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ شوپیان میں وہ 2جنگجوبھی مارے گئے جوبقول آرمی آفیسرلیفٹنٹ عمرفیاض کی ہلاکت میں شامل تھے ۔انہوں نے کہاکہ میں نوجوانوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ بندوق کی طرف مائل نہ ہوں ۔ لیفٹنٹ جنرل نے دھمکی آمیزلہجے میں خبردارکیاکہ جوکوئی بھی بندوق اُٹھائے گا،اُسکووہی کچھ ہوگاجوآج شوپیان میں مارے گئے جنگجوئوں کیساتھ ہوا۔اس دوران پریس کانفرنس میں موجودآئی جی سی آرپی ایف ذوالفقارحسین نے ڈاکٹرویدکی اپیل کی تائیدکرتے ہوئے عام لوگوں پرزوردیاکہ وہ انکائونٹرکی جگہوں کے قریب نہ جائیں ۔انہوں نے کہاکہ جن نوجوانوں نے ملی ٹنسی کاراستہ اختیارکیاہے ،اُن کوتشددکاراستہ ترک کرنے کیلئے والدین آمادہ کریں تاکہ ایسے نوجوانوں کی زندگیاں بچ سکیں ۔ذوالفقارحسین کاکہناتھاکہ میں عام لوگوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ انکائونٹرمقامات کے نزدیک جاکراپنی زندگیوں کوخطرے میں نہ ڈالیں