سرینگر+بارہمولہ//کشن گنگا ہائڈرو الیکٹرک پائور پروجیکٹ میں ایک نوجوان ڈوبنے سے ہلاک ہوگیاہے۔ادھر شمالی قصبہ پٹن میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔ 23سالہ مشتاق احمد ساکن وام پورہ گریز پائور کنال میں ڈوبنے سے ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق نوجوان پروجیکٹ میں بحیثیت ڈرائیور کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق مشتاق احمد پائوں پھسلنے کی وجہ سے کنال میں جاگرا جس کی وجہ سے اُس کی موت واقع ہوئی۔ پولیس کے مطابق مشتاق کی لاش گذشتہ رات کافی محنت کے بعد ہی پائور کنال سے بازیاب کی گئی۔اس سلسلے میں پائور کنال کی انتظامیہ نے وٹلب میں قائم میرائن کمانڈوز کی خدمات بھی حاصل کی ۔ کمانڈوز کے مطابق مشتاق مارچ کے ابتدائی ایام سے ہی لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ میرائن کمانڈوز نے زبردست کوششوں کا آغاز کرتے ہوئے نوجوان کو تلاش کرنے کیلئے کارروائی شروع کی اور اس طرح بالآخر نوجوان کی لاش کو گزشتہ رات پائو کنال سے حاصل کی گئی۔ اس دوران شمالی قصبہ پٹن میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کو مشتاق احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکنہ لولپورہ کنزر اُس وقت لقمہ ااجل بن گیا جن اس کا ٹریکٹر سونیم پٹن کے مقام پر پلٹ گیا ۔اگر چہ مقامی لوگوں نے اُسے زخمی حالت میں سب ضلع اسپتال پٹن پہنچا یا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔اس سلسلے میں پولیس نے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو اُن کے لواحقین کے سپرد کردیا ۔