سرینگر //وادی میں عرسِ حضرت شیخ احمد تاربلی خندہ بھون نواکدل تاربل میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ وادی کے اطراف اکناف سے آئے ہوئے کثیر تعداد میں عقیدتمندوں نے عرس میں شرکت کی ۔ اتوار کو عرس کی اختتامی تقریب پر قرآن خوانی ، توبہ استغفار ، ختمات المعظمات ، درود ازکار کی مجالس منعقد ہوئیںجس کی صدارت بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین فیاض احمد عاصمی نے کی جبکہ مولود خوانی کی پیشوائی مولانا شوکت حسین کینگ نے انجام دی ۔ اس موقعہ پر علمائے کرام نے حضرت شیخ احمد تاربلی کی سیرت ، روحانی کمالات پر روشنی ڈالی اور ان کی تعلیم کو عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ قرار دیا جبکہ عالم اسلام کی سربلندی اور فتح ونصرت ،انسانیت کی بقا اور مسلمانان کشمیر ،جو اس وقت انتہائی مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، خلاصی کیلئے اور رحمت باراں کیلئے بھی دعا کی گئی۔مجلس میں سجادہ نشین دربار اکملیہ ، عطاریہ اور مہدیہ کے ڈاکٹر میر مقتتدر احمد کاملی ، پیشواء دربار حضرت سید عبدالرحمان قلندرو سید محمد امین اویسی ، الحاج غلام نبی کینگ قادری اور جمعیت ہمدانیہ کے مرکزی جنرل سیکریٹری الحاج پیرزذادہ محمد اشرف عنایتی ، الحاج فاروق احمد گانی اور میر غلام محمدساقی نے بھی شرکت کی۔