مظفر آباد //حزب سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کا کشمیری عوام پر ظلم و تشدد اپنی انتہائوں کو چھورہا ہے ۔عالمی برادری کی مجرمانہ سرد مہری اور خموشی ، بھارت کو کشمیر یوں کے قتل عام کا کھلا لائسنس دینے کے مترادف ہے۔ چیئر مین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کو نسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں سے لے کر اسلام آباد تک جس طرح بھارتی فورسز نے خونی کھیل کھیل کر 17کشمیری مجاہدین اور نہتے لوگوں کو شہید اور سینکڑوں لوگوں کو پیلٹ اور بیلٹ سے زخمی کردیا ،وہ اس حقیقت کی غمازی کرتی ہے کہ بھارت عملاََ کشمیری عوام کے جزبہ آزادی کو کمزور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے لیکن وہ نوشتہ دیوار پڑھنے کے بجائے ظلم و جبر اور طاقت کے بل پر ریاست جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی اور ناجائز قبضہ جاری رکھنا چاہتا ہے ۔ صلاح الدین نے شہداء شوپیان و اسلام آباد کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان معصوموں کا مقدس خون ضائع نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسند عوام مجاہدین کشمیر کی سلا متی کو یقینی بنانے کیلئے خود پر گولیاں کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔دنیا کو با لعموم اور بھارتی قیادت اور بھارتی عوام کو با لخصوص اسی سے یہ اندازہ ہونا چا ئیے کہ اس پر عزم اور جانثار قوم کے جذ بہ آزادی کو نہ ہی کمزور کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی زیادہ دیر تک اس قوم کو غلام رکھا جاسکتا ہے ۔ صلاح الدین نے جموں کشمیر کی سیاسی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ ا ان صبر آزما حالات میں انتشاری قوتوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور انہیں بے نقاب کرنے میں ضرور اقدامات اٹھائیں ۔ اجلاس میں شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حصول منزل تک جد وجہد جاری رہے گی۔