سرینگر//پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی بٹہ مالو شیخ نور محمد نے قمرواری سرینگر کے غلام محمد ہارون کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ شیخ نور محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ قمرواری گئے اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ انہوںنے کہاکہ اہل خانہ نے بتایا کہ غلام محمد گھر سے سبزی لینے کیلئے نکلا تھااور انہیں اس بات پر حیرانگی ہے کہ وہ کسی طرح ریل حادثے کا شکار ہوا۔ممبر اسمبلی نے اس ہلاکت کو پراسرار قرار دیتے ہوئے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی تہہ میں جاکر تحقیقات کریں تاکہ اہل خانہ کے خدشات دور ہوسکیں۔اتوار کو قمر واری علاقے میں شام کے وقت اس وقت کہرام مچ گیا جب وہاں 48سالہ غلام محمد ہارون کی نعش پہنچائی گئی۔ مذکورہ شخص کے ایک قریبی رشتہ دار غلام محمد مٹہ نے بتایا ’’غلام محمد ہارون اتوار کو صفا کدل سبزی خریدنے گیا ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ’’ ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اسکی لاش بڈگام کیسے پہنچ گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹانگ میں ایک سراخ ہے جبکہ مذکورہ شخص کے چہرے کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ غلام محمد ہارون کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے کے لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس دوران پولیس نے کہاہے کہ مذکورہ شخص ٹرین حادثے میں مارا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن قمرواری کے ایس ایچ اومعراج الدین نے بتایا صرف پوسٹ مارٹم سے ہی اس بات کا پتہ چل سکتا ہے کہ مذکورہ شخص کی موت کن حالات میں ہوئی ہے ۔