سرینگر// نیشنل فرنٹ نے ہلاکتوں کے تازہ سلسلے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وردی پوش اہلکار کشمیریوں کا خون بہانے کے عادی بن گئے ہیں اور اس کیلئے وہ محض بہانوں کو تلاشتے رہتے ہیںفورسز جان بوجھ کر کشمیری مظاہرین کے جسمو ںکے اُوپری حصوں کو نشانہ بناتی ہیں تاکہ اُن کی جان چلی جائے یا وہ زندگی بھر کیلئے اپاہج بن جائیں۔ترجمان کے مطابق فورسز کو یہاں بے پناہ اختیارات حاصل ہیں۔نیشنل فرنٹ نے بیسیوں افراد کے زخمی ہونے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے یہاں کے حالات انتہائی مخدوش بن گئے ہیں۔مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ برسانا فورسز کا معمول بن گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کیلئے آگئے آئے اور اپنا فریضہ انجام دے۔ نیشنل فرنٹ کا ایک وفد صدر اسپتال سرینگر گیا جہاں زخمیوں کی عیادت کی گئی۔فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمدشریف سرتاج نے وادی کشمیر کے شوپیاں اوردیگر علاقوں میں ہلاکتوں کے جاری سلسلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل عام کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ معصوم کشمیری نوجوانوں کے قتل عام بند کر انے میں اپنا رول ادا کریں۔فریڈم موومنٹ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ ایک تحقیقاتی کمیشن کو یہاں روانہ کیا جائے تاکہ دنیا دیکھ سکے کہ معصوم اورنہتے کشمیری لوگوں کو ہندستانی افواج کس طرح تہہ تیغ کرتی ہے۔محمدشریف سرتاج نے ہندوستان کے حکمرانوں سے کہا ہے کہ وہ نفرت و تعصب کی سیاست ترک کرکے مسئلہ کشمیر کو با معنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم زرگر نے درگڈ شوپیان، کچھ ڈورو شوپیان، دیالگام اور کنگن میں معرکہ آرائیوں اور مظاہرین پرراست فائرنگ کی وجہ سے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اُن کی مرہون منت ہے اور قوم اور قیادت دونوں کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر سطح اور ہر قیمت پر ان قربانیوں کے احترام اور حفاظت کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے منزل کی جانب اپنا سفر پوری لگن، یکسوئی اور ایمانداری کے ساتھ جاری رکھے۔ سلیم زرگر نے مزید کہا کہ جبر و ستم کے ہتھکنڈوں سے عوام کے جذبہ آزادی کو کچلا نہیں جا سکتا ہے اور نہ ہی انہیں طاقت کے بل پر اپنے حق خود ارادیت سے دستبردار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے معرکہ آرائیوں کے دوران احتجاجی مظاہرین پر طاقت کے بے تحاشا استعمال کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں مظاہرین کو مضروب کرکے بھارتی فوج نے عوامی جذبہ کے آگے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔سلیم زرگر نے سید علی قائدین کی گرفتاریوں کو بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا ہے۔پیروان ولایت نے کشمیر اور فلسطین کی موجودہ خونین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں تنظیم کے سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب نے کہا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار کشمیر اور فلسطین میںبے دردی کے ساتھ نوجوانوں کو تہہ تیغ کررہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی کا کردارادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان قتل عام اقوام عالم کیلئے چشم کشا ہے لیکن ایسے حربوں اور ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کچلنے والی نہیں ہے بلکہ کشمیری قوم تن و من سے تحریک آزادی کی آبیاری کررہے ہیں۔ آغایعسوب نے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پرایران کا شکریہ ادا کیا اور دنیا بھر کے مخلص ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں جاری بربریت کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ امیر کاروان اسلامی مولاناغلام رسول حامی نے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر اپنے گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جان ومال کا زیاں اب ریاست جموںو کشمیر کے چپے چپے پر روز مرہ کامعمول بن چکا ہے اورعوام کی زندگی اب اجیرن بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار جمہوری اصولوں کے پرخچے اڑھانے میں اپنی عافیت اور کامیابی سمجھ رہے ہیں ۔مولانانے کہا کہ ظلم وجبر ،تشدد،خون خرابہ اور نوجوانون کی نسل کشی سے اب تک دنیا میں کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے بلکہ قیام امن کے لئے ٹھوس مذاکرات ایک واحد حل ہے۔ امیر کاروان نے کہا کہ پوری ریاست میں جس طرح کے حالات بنائے جارہے ہیں اس سے یہ لگتا ہے کہ ارباب اقتدار نے کشمیر میں نسل کشی کی ٹھان لی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کے سیاسی اور دیرینہ تنا زعہ کو حل نہیں کیا گیا تو پورے بر صغیر میں عنقریب بدامنی کی ایسی آگ بھڑک سکتی ہے جس کو بجھانا پھر ناممکن ہوگا ۔