جموں// خوراک ، شہری رسدات ،امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر ذوالفقار علی نے افسراں پر زور دیاہے کہ وہ قبائلی امور کے تمام پروجیکٹوں کو جلداز جلد مکمل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ریاست میں قبائلی امو رکے تحت ہاتھ میں لئے گئے تمام پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔کمشنر سیکرٹری قبائلی امور محکمہ سلمہ حمید کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر ٹرائبل ہوسٹلوں کی تعمیر، اکلاویہ رہائشی سکول ، جی بی ہوسٹلوں کی تجدید و مرمت اور کئی دیگر کاموں کا جائز ہ لیا گیا۔وزیر نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ای ایم آر ایس کے کاموں کو اگست 2018ءتک مکمل کریں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کی بدولت سماج میں نمایاں تبدیلی رونما ہوتی ہے لحاظہ اس طبقے کو معیاری تعلیم سے روشناس کرانے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیں۔ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت قبائلی طبقے کی معیاری زندگی میں میں بہتری لانے کی وعدہ بند ہے اور اس مقصد کے لئے کئی سکیمیں ہاتھ میں لی گئی ہیں۔ انہیں جانکاری دی گئی ہے کہ بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، ہنڈوارہ ، کالاکوٹ ، چھاترو اور بنی میں گجر بکروال ہوسٹلوں کی تعمیرپر کام جاری ہے اور بڈگا م میں جی بی ہوسٹل کی تعمیر و مرمت بھی کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں کھمبر سرینگر میں ٹرائبل ریسرچ انسٹی چیوٹ پر کام شد و مد سے جاری ہے اور ا سے مارچ 2019ءتک مکمل کیاجائے گا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔