وترگام//شمالی قصبہ وترگام میں شبانہ چھاپوں کے دوران پولیس نے سنگ بازی کے الزام میں 8 نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی جس کے خلاف علاقہ میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پولیس نے گزشتہ رات شمالی قصبہ وترگام رفیع آباد علاقہ سے 8نوجوانوں کو سنگ باری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس سٹیشن وترگام کی پولیس پارٹی نے گزشتہ رات وترگام کی بستی کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ تلاشی کارروائی کے دوران 8 نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ وتر گام میں پابند سلاسل کردیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار نوجوان سنگ باری میں ملوث ہیں جس کی پاداش میں ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے پولیس کے اس بیان کو بعید از حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام نوجوان بے گناہ اور معصوم ہیں۔ مقامی لوگوں نے اس سلسلے میں پولیس کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گرفتار شدہ نوجوانوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔(کے این ایس)