ممبئی//بی جے پی کے صدرامت شاہ نے آج یہاں ایک بار پھر حزب اختلاف کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے ایک ساتھ آنے پر 'نام نہاد اتحاد'قراردیا ہے جوکہ 2019کے عام انتخابات میں مودی کے سیلاب کا شکار ہوکر متحد ہورہے ہیں۔امت شاہ نے ممبئی کے شمال مغربی علاقہ باندرہ ۔کرلا کمپلکس میں بی جے پی کے قیام کے سلسلہ میں منعقد کیے جانے والے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''میں نے سنا ہے کہ جب سیلاب آتا ہے تمام جانور متحد ہوجاتے ہیں ،''ٹھیک اسی طرح مودی کے سیلاب کا مقابلہ کرنے کے لیے کتے ،بلی ،سانپ اور منگوس ''بغل گیر ہورہے ہیں۔امت شاہ نے اپوزیشن کی گرہ بندی کے خلاف پھر سے سخت ترین الفاظ استعمال کیے اور جانوروں کے اتحاد سے مترادف قراردیا ۔دراصل حال میں یوپی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے اپنی رہائش گاہ 10جن پتھ میں 21پارٹیوں کے سربراہوں کو عشائیہ پر مدعوکیا تھا اور اس سے خیال کیا جارہا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں متحد ہورہی ہیں۔ممتا بنرجی ،شردپوار اور سونیا گاندھی نے بھی کئی ملاقاتیں کی ہیں ۔امت شاہ نے کانگریس صدرراہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی بی جے پی سے چار سالہ اقتدار کاحساب مانگ رہے ہیں ،لیکن ان کی چار نسلوں نے ملک کے لیے کیا کیا ہے ،اس کے بارے میں کو جواب نہیں دیتے ۔بی جے پی صدرنے الزام عائد کیا کہ کانگریس صدرراہل گاندھی کی شردپوارسے ملاقات ہوتی ہے اور اس کے بعد وہ انہیں انجکشن دیتے ہیں اور راہل گاندھی کی بیان بازی شروع ہوجاتی ہے ۔