سرینگر//لبریشن فرنٹ (حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے شوپیاں میں مارے گئے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عوام اور حریت پسند قیادت کا موقف واضح ہے۔ انہوںنے کہاکہ پچھلی 7دہائیوں سے کشمیری عوام، حریت پسندوں ، نوجوانوں ، معصوم بچوں ، طالب علموں اور خواتین نے تحریک آزادی کے موقف پر ڈٹ کر اور حق خوداردیت کی خاطر 600 سے زیادہ قبرستان آباد کئے مگر بھارت کی فوجی پالیسی ضد اور ہٹ دھرمی ، اقوام عالم کی بے حسی کی وجہ سے تنازعہ کشمیر کو آج تک لٹکایا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے عالمی ادارے اقوام متحدہ ، عالمی طاقتوں کی بارہ کولی تیرہ میٹھ جیسی من پسند پالیسی اور مفادات میں ہمیشہ کشمیری عوام کی قربانیوں اور تنازعہ کشمیر کو زیادہ تر اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیر میں معصوموں، نوجوانوں پر پیلٹ گن ، گولیوں کی بارش کر کے بھی عالمی ادارے کشمیریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رول ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اڑتے ہوئے پرندوں کی طرح بھارت فورسز ہمارے نونہالوں ، معصوم بچوں ، طالبعلوں پر پیلٹ گن کی بارش کر کے شکاری بن چکے ہیں۔ جاوید میر نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں ہر جگہ نازی بربریت ،غزہ کی جیسی صورتحال اور منظر جنوبی کشمیر میں ہر جگہ نظر آرہے ہیں۔ جاوید میر نے کشمیری عوام سے یکجہتی کرنے پر حکومت پاکستان اور وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے یورپ ، امریکہ ، برطانیہ میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں جاری خون خرابہ ، قتل و غارت گری ، ظلم و ستم کے حوالے سے اپنی آواز دنیا کے ایوانوں تک پہنچانے میں شدو مد سے اپناکام جا ری رکھے۔