شہری ہلاکتوں پرجمعیت ہمدانیہ سیخ پا
سرینگر //جمعیت ہمدانیہ کے علماء نے خطبہ جمعہ پر شوپیان، اسلام آباد اور کنگن ہلاکتوں اور احتجاج کرنے والوں کیخلاف طاقت کے بے تحاشہ استعمال اور انسانی حقوق کے بدترین واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ہندوستان کی جمہوریت اور سیکولر ازم اور سوشل ازم کے ماتھے پر داغ ہے۔
نسل کشی گہری سازش: پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے شوپیان میں شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو جنگی قراردیا ۔ اس دوران لیگ کے دو الگ الگ وفود جس میں عبدالرشید ڈار، ماسٹر عبدالرشیدوانی، عبدالرشید متو،احمداللّہ پرہ اور سبزار احمد شامل ہیں نے درگڈ،کچھورہ اور دیالگام کا دورہ کیا۔
کارکن کے اپاہج بھائی کے ٹارچرپر برہمی
گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر نثار راتھر گرفتار
سرینگر//حریت (گ)نے مجلس شوریٰ کے ممبر نثار حسین راتھر کو پولیس کی جانب سے سید علی گیلانی کی رہائشگاہ کے باہر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حریت (گ) نے تحریک حریت کارکن عبدالاحد کے اپاہج بھائی ولی محمد میر ولد غلام محمد میر کو پولیس اور SOG کھرہامہ کی جانب سے گرفتار کرکے تھانے میں اس کو تھرڈ ڈگری ٹاچر کرکے اسے نیم مردہ بنانے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
جبر سے سیاسی عقیدہ تبدیل نہیں کیاجاسکتا: نیشنل فرنٹ
سرینگر//کشمیر کے اندرظلم و جبراور دھونس و دبائو کے بڑھتے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نیشنل فرنٹ نے کہا ہے کہ عوامی تحریکوں کو جتنا دبانے کی کوششیں کی جاتی ہیں یہ تحریکی اُتنا ہی اُبھرتی ہیں۔ نیشنل فرنٹ کے ایک ترجمان نے وادی کے اطراف و اکناف میں وردی پوش اہلکاروں کے ہاتھوں حقوق کی پامالیوں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں اور مار دھاڑ جیسے اقدامات آزادی پسندوں کا سیاسی عقیدہ تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔
ناگفتہ بہہ صورتحال کیلئے بھارت ذمہ دار: تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد رفیق اویسی، محمد یوسف مکرو، معراج الدین ربانی اور حافظ مدثر نے وادی کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے انسانی لہو کو ارزاں بنادیاہے، چہارسو انسانی لاشوں کے ڈھیر لگادئے گئے۔
کشمیر میں جمہوری اقدار پامال: محمد موسیٰ
سرینگر//تحریک کشمیر کے صدر محمد موسی نے کہاہے کہ ایک طرف حکمران قتل عام پر واویلا کر رہے ہیںاوراظہار دردودل و اشک شوئی کی رسم نبھارہے ہیں جبکہ دوسری طرف حالیہ واقعات پر جب سکولی بچے اور بچیاں اپنا جائز احتجاج درج کروانے کی کوشش کرتے ہیں تو اس وقت ا ن پر طاقت کی ایسی یلغار کی جاتی ہے کہ جمہوریت کی روح بھی کانپ جاتی ہے۔
محمد جعفر گنائی کے انتقال پر پیروان ولایت کا اظہار رنج
سرینگر/ محمد جعفر گنائی ساکنہ گونگو پلوامہ کے انتقال پر پیروان ولایت جموں و کشمیر نے گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے تنظیم کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط شبیر قمی نے مرحوم کے لواحقین کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی ہے ۔
نعیم اختر اور ذوالفقار علی کاقانون کے معیار کو برقراررکھنے پر زور
راجوری میں95کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوںکا سنگ بنیاد رکھا
راجوری//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امورکے وزری چودھری ذوالفقار علی نے راجوری میں اہم نوعیت کے کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر ایم ایل اے اعجاز میر اور دلاور میر بھی موجود تھے۔ان پروجیکٹوں میں 40 کروڑ روپے لاگت والے جی ایم سی راجور ی کے رہائشی بلاک اور 55کروڑ روپے کئی سڑک پروجیکٹ شامل ہیں۔اس موقعہ پر ڈی سی راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزراء نے ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ضرور ت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ کاموں کے معیار اور شفافیت کو ہر صورت میں برقرار رکھا جانا چاہیئے ۔انہوںنے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی بدولت راجوری میں لوگوں کو بہتر طبی اور سڑک رابطے کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔جی ایم سی کے رہائشی بلاک سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزراء نے کالج کے انتظامی بلاک کا بھی معائینہ کیا۔اس دوران انہوںنے کئی سڑک پروجیکٹوں کا بھی معائینہ کیا۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نعیم اختر نے کہا کہ سڑکوں کو کسی بھی علاقے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے اور حکومت ا س سیکٹر کو بڑھاوادینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ بہتر سڑک رابطوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور لوگوں کو مختلف سیکٹروں میں کئی بنیادی ضروریات دستیاب ہوتی ہے۔
اترپردیش میں گرفتارکشمیری طلباء کو رہا کرنے کی مانگ
سرینگر//جمعیت علماء اہلسنت والجماعت نے بیرون ریاست کشمیری طلباء کو ہراسان وپریشان کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔جمعیت علماء کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری نے اترپردیش کے دینی تعلیمی مرکز جامعہ عربیہ ہتھورا باندہ سے بے گناہ کشمیری طلباء کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کو فوراً رہا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری طلباء بیرون ریاست تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانے میں بھی خوف اور ڈر محسوس کررہے ہیں کیونکہ آئے روز سرکاری وغیر سرکاری سطح پر کشمیری طلباء و تاجروں کی ہراسانی کے واقعات پیش آرہے ہیں جسکی وجہ سے کشمیری طلباء وتاجر عدم تحفظ کا شکار ہورہے ہیں اور اب انکی تعلیم اور تجارت بھی متأثر ہورہی ہے۔جمعیت علماء کا ریاستی حکوت سے بھی پر زور مطالبہ ہے کہ اس سلسلے میں ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے کشمیر کے طلباء اور تاجر طبقہ بیرون ریاست جاتے ہوئے خوف اور ڈر محسوس نہ کرے۔
پی ایس سی قوانین کا میٹنگ میں جائزہ لیا گیا
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی سب آڈنیٹ لیجسلیشن کمیٹی کی ایک میٹنگ کل ایم ایل سی اشوک کھجوریہ کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔ارکان قانون سازیہ نریش کمار گپتا، ایس چرنجیت سنگھ ور کرما رندھا وا میٹنگ میں شرکت کر کے کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔کمیٹی نے جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کے قوانین اور ایکٹس پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری لأ عبدالمجید بٹ نے کمیٹی کو ان قوانین کے بارے میں جانکاری دی۔دیگر لوگوں کے علاوہ سپیشل سیکرٹری کونسل محمد اشرف وانی اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
بھاجپا کا 38واں یوم تاسیس، جواہر نگر میں تقریب منعقد
سرینگر // جواہر نگر سرینگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے 38واں یوم تاسیس منایا گیا۔پارٹی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر علیٰ محمد میر نے کہا کہ ملک میں لوگوں نے بھارتی جنتا پارٹی کو ریاستی اسمبلی اور قومی پارلیمنٹ میں نمائندگی کا پورا حق دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ممبر شپ کے لہذا سے دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہے جن کے پاس 14کروڑ بنیادی ممبر ہیں ۔اس موقعہ پر پارٹی کے سٹیٹ میڈیا سیکٹری نے کہا کہ پارٹی کے کشمیر میں ساڑھے 4لاکھ بنیادی ممبر ہیں اور یہ پارٹی کی اچھی حکمرانی تھی کہ جس کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگ پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔