سرینگر//تدریسی عمل کو موثر بنانے کے سلسلے میں جہاں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتونے پچھلے ایک مہینے میں مختلف ضلعوں کے کئی سکولوں کا معائنہ کیا وہیں اُنہوں نے سرینگرمیں قائم کئی تعلیمی دفاتر کا اچانک معائنہ کرکے روز مرہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اس موقعے پر انہوں نے بمنہ میں قائم چیف ایجوکیشن آفس سرینگر کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں چند ملازمین کی طرف سے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برتنے کے سلسلے میںاُن کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کئے جانے اور رواں مہینے کی تنخواہ واگزار نہ کئے جانے کا حکم دیا۔محکمہ تعلیم کے معائنہ نظام اورآئندہ اپنائے جانے والے لائحہ عمل کے سلسلے میں ناظم تعلیم کشمیرڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ سکولوں میں جوابدہی کے عمل کو موثر بناناجتنا لازمی ہے اُتنا ہی ضروری ہے کہ تعلیمی دفاتر میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کے معاملات کا بغیر طوالت حل یقینی بنایا جائے۔ ناظم تعلیم نے سرینگر میں چند تعلیمی دفاتر کے معائنے کے دوران مختلف معاملات کے حل کے حوالے سے متعلقہ ذمہ داران سے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ عملے پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ کام کرکے سائلین کے لئے راحت کا سامان مہیا کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمے کی طرف سے تشکیل شدہ لائحہ عمل کے تحت آئندہ بھی کشمیر ڈیوژن کے مختلف زونل اور ضلعی دفاتر کا معائنہ جاری رہے گاتاکہ محکمے کے ملازمین کے مختلف معاملات کے بغیر طوالت حل اور فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقعے پر ناظم تعلیم کشمیر کے ہمراہ محکمے کے کئی افسران بھی تھے۔