احمد آباد//جمعیہ علماء ہند کے جنرل سکریٹر ی مولانا محمود مدنی کی ہدایت کے مطابق آج یہاں احمد آباد میں چندولہ تالاب شاہ عالم آگ زنی کے متاثرین کے درمیان ۰۲ سلائی مشین مع موٹرس، ۶۱وہیل چیئر س، ۵پولر رکشہ ، ۵ ٹھیلہ گاڑی ، ۰۰۳ عدد پانی کے ڈرم اور پانچ سو جوڑے نئے کپڑے تقسیم کیے گئے۔واضح ہو کہ ۶۲مارچ کو مشہور چشتی بزرگ سید سراج الدین محمد شاہ عالم احمد آباد کے مزار کے قریب واقع غریب مسلمانوں کی بستی چندو لہ تالات میں اچانک آگ لگ گئی تھی جس میں غریب مسلمانوں کے تین سو مکانات اور مکینوں کے اثاثے جل کر راکھ ہوگئے تھے۔ جمعیہ علماء گجرات کے جنرل سکریٹری پروفیسر نثار احمد انصاری کی قیادت میں ایک وفد نے آگ لگنے کے فوری بعد متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکے متاثرین کے درمیان کھانے پینے کا ضروری سامان تقسیم کیا تھا ، تاہم ان غریب لوگوں کے لیے گھر ، کپڑا اور دوبارہ کاروبار شروع کرنے کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ ان حالات کے مدنظر آج ایک بار پھر جمعیہ علماء احمد آباد کے کارکنان شاہ عالم پہنچے اور وہاں پروفیسر نثار احمد انصاری کی قیادت میں ضرورت مندوں کے درمیان مذکورہ بالا سامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر جمعیہ علماء ہند کے قومی سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی بھی موجو د تھے، مولانا حکیم الدین نے ضرورت مندوں کی مدد پر اطمینان کا اظہار کیا۔جمعیہ علماء احمد آبا د کے صدر اور معروف عالم دین مولانا مفتی اسجد قاسمی نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جلے ہوئے مکانات اور دکانوں کا سروے کرایا جائے گا اور انتہائی ضرورت مند افراد کے مکانات کی تعمیر جمعیہ علماء کرائے گی۔ مفتی اسجد قاسمی نے بتایا کہ آج ہماری ٹیم نے تقریبا پانچ لاکھ مالیت کی اشیاء تقسیم کی ہے تاہم یہ بھی کافی نہیں ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جمعیہ علماء ان مجبور افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی، انھو ں نے اہل خیر حضرات کو متوجہ کیا کہ وہ ان غریبوں کے مکانات کی تعمیر میں مدد کے لیے آگے آئیں۔آج تقسیم اشیاء کے وقت جمعیہ علماء کے جو ذمہ داران موجود تھے ان کے نام حسب ذیل ہیں: مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیہ علماء ہند، پروفیسر نثار احمد انصاری جنرل سکریٹری جمعیہ علماء گجرات، اسلم بھائی رانپ، ابرار احمد شیخ، حبیب شیخ ، تسنیم ترمذی ، حافظ بشیر احمد آرگنائزر جمعیہ علما ء ہند، مفتی عارف قاسمی کالوپور، حافظ شوکت، مولانا راغب آفس سکریٹری جمعیہ علماء گجرات ،احمد علی بارہ بنکوی ،انیس قریشی ، بدرالدین شیخ،قاری عبدالباسط ، رفاقت بھائی چھترال،رفیق بھائی وغیرہ۔