سرینگر//ریاستی حکومت نے ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر،ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں اور ایس ایس پی ٹریفک رورل سمیت ایک درجن سینئر افسران کے تبادلوں اورتقرریوں کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ریاستی محکمہ داخلہ نے پیر کو ایک حکمنامہ کے تحت مختلف عہدوں پر تعینات ایس ایس پی اور ایس پی سطح تک کے 12افسران کے تبادلے عمل میںلائے ۔حکمنامہ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تبادلے انتظامیہ کے مفاد میں عمل میں لائے گئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ سرکار ی حکمنامہ کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں نیشا نتھیال کو تبدیل کرکے رندیپ کمار کی جگہ آئی آر 10بٹالین کا کمانڈنٹ تعینات کیا گیا ہے ۔آئی آر 13بٹالین کے کمانڈنٹ شوکت احمد ڈار کو تبدیل کرکے پرنسپل ایس ٹی سی شیری بارہمولہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر اعجاز احمد بٹ کو ان کی جگہ آئی آر 13بٹالین کے کمانڈنٹ کی حیثیت سے تعینات کیاگیا ہے۔داخلہ محکمہ کے آرڈر کے مطابق اے آئی جی ، سی آئی وی ، پی ایچ کیو کلبیر سنگھ کو جوگندر سنگھ کی جگہ ایس ایس پی پی سی آر جموں جبکہ آئی آر10بٹالین کے کمانڈنٹ رندیپ کمار کو ایس ایس پی سی آئی ڈی ایس بی جموں کے خالی عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ایس ایس پی پی سی آر جموں جوگندر سنگھ کا تبادلہ عمل میںلاکر انہیں ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے۔ایس پی اے پی سی آر سرینگر الطاہر گیلانی اب طاہر سلیم خان کی جگہ ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر ہوں گے جبکہ طاہر سلیم خان کو مزید احکامات تک پولیس ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت کی طر ف سے جو حکمنامہ صادر کیا گیا ہے ، اس کے تحت ایڈیشنل ایس پی ٹریفک سرینگر مظفر احمد شاہ کو اعجاز احمد بٹ کی جگہ ایس پی ٹریفک رورل کشمیر ،یڈیشنل ایس پی رام بن مشتاق احمد کو شاہین واحد کی جگہ ایس پی ٹریفک رورل جموں ، ایس پی (ڈپٹی کمانڈنٹ آئی آر 16بٹالین) کے کمانڈنٹ مبشر حسین کومظفر احمد شاہ کی جگہ ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر جبکہ ایس پی ٹریفک رورل جموں شاہین واحد کو تبدیل کرکے آئی آر 24بٹالین کے ڈپٹی کمانڈنٹ کے خالی عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔(کے ایم این)